بھارت میں پل ٹوٹنے کا حادثہ 130 افراد ہلاک

2022/10/31 09:53:25
شیئر:

مغربی بھارت کی ریاست گجرات میں ایک  پل 30 تاریخ کو اچانک ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں اب تک 130 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ واقعے کے وقت پل پر سینکڑوں افراد موجود تھے ۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے مقامی عہدیداروں کے حوالے سے بتایا کہ یہ حادثہ شام ساڑھے چھ  بجے پیش آیا ۔ حادثے میں 130  افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، پانی میں گرنے والوں کی تلاش اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت پل عین درمیان سے ٹوٹ گیا اور خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد پانی میں بہہ گئے۔
ریاست گجرات کے شہر موربی میں دریائے مچھو  پر واقع یہ  پل تقریباً ایک صدی پرانا ہے اور  مرمت کے بعد یہ پل 26 تاریخ کو  دوبارہ کھولا  گیا تھا۔ حادثے کی ایک ممکنہ وجہ گنجائش سے زائد افراد کا پل پر جمع ہونا ہو سکتا ہے۔
بھارتی صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر   مودی نے متاثرین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ گجرات کی حکومت نے مرنے والوں کے اہلخانہ اور زخمیوں کے لیے امدادی رقوم کا اعلان کیا ہے۔