چینی اور پاکستانی وزرائے اعظم کی ملاقات میں روایتی دوستی کو آگے بڑھانے پر اتفاق

2022/11/03 09:36:29
شیئر:

چین کے وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ نے 2 نومبر کی سہ پہر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ عظیم عوامی ہال میں ملاقات کی۔
لی کھہ  چھیانگ نے کہا کہ چین اور پاکستان چاروں موسموں کے اسٹرٹیجک شراکت دار ، قریبی  دوست اور ہمسایہ ممالک ہیں۔ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور صدر شی جن پھنگ کی آپ کے ساتھ دوستانہ ملاقات نے دوطرفہ تعلقات کی ترقی کو مؤثر طریقے سے فروغ دیا ہے۔ چین روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، ہمہ جہت تعاون کو وسعت دینے اور چین پاکستان ہم نصیب سماج کی تعمیر کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے، تاکہ دونوں ممالک کے لوگوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے اور علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔ 
لی کھہ  چھیانگ نے ایک بار پھر پاکستان میں اس سال آنے والے بڑے سیلاب پر دلی دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا، اور کہا کہ چین آفت کے بعد کی تعمیر نو میں پاکستان کی مدد جاری رکھےگا۔
شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین قریبی بھائی ہیں اور چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مستحکم کرنا  اور فروغ دینا پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ پاکستان نے چین کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق معاملات پر ہمیشہ مضبوطی سے چین کی حمایت کی ہے۔ پاکستان اقتصادی ترقی اور آفات کے بعد تعمیر نو  میں  چین کی گرانقدر مدد  کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے۔
مذاکرات سے قبل لی کھہ چھیانگ نے  عظیم عوامی ہال  میں شہباز شریف کے لیے ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا۔