اقوام متحدہ فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی کے فریقوں کی 27ویں کانفرنس کا انعقاد

2022/11/07 11:47:43
شیئر:

 چھ نومبر کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں اقوام متحدہ فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی کے فریقوں  کی 27ویں کانفرنس کا آغاز ہوا۔ کانفرنس میں موجود تمام شرکا ، حکومتوں، کاروباری اداروں اور عوام کو متحدکرنے اوروعدوں پر عمل درآمد کروانے کے لیے پر امید ہیں، تاکہ جلد از جلد درجہ حرارت میں اضافے کی رفتار کو کم کیا جائے، کلائمیٹ فنانسنگ میں اضافہ کیا جائے، سبز ترقی کو فروغ دیا جائے اور مشترکہ طور پر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹا جائے۔
مصری وزیر خارجہ اور کانفرنس کے چیئرمین سامع شکری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی انسانی زندگی کو خطرے سے دوچار کر رہی ہے ۔ہمیں صنعتی شعبے میں غیر پائیدار ترقی کے نمونوں کو بدلنا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے کے ہدف کے حصول کے طویل راستے میں ایک اہم موڑ ثابت ہو گی اور ایک عملی جذبے کے ساتھ کثیر جہتی تعاون کی سمت میں عملی اقدامات اختیارکیے جائیں گے ۔ 
اطلاعات کے مطابق  یہ کانفرنس پچھلے سیشن کے نتائج کی بنیاد پر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے کئی اہم مسائل پر اقدامات اختیار کرے گی، جن میں گرین ہاؤس گیسز  کے اخراج کو فوری طور پر کم کرنا، موسمیاتی تبدیلی کے ناگزیر اثرات کے مطابق ڈھلنے اور ترقی یافتہ ممالک کی طرف  سے ترقی پذیر ممالک کو ہر سال 100 بلین ڈالر کلائمیٹ فنانس کی فراہمی کے وعدے کو پورا کرنا شامل ہیں۔