امریکہ کے تائیوان کو چین- امریکہ رہنماوں کی ملاقات کے بارے میں اطلاع دینے پر چینی وزرات خارجہ کا رد عمل

2022/11/12 16:21:41
شیئر:

چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان چاو لی جیان نے گیارہ تاریخ کو منعقدہ پریس کانفرنس میں متعلقہ سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ  امریکہ تائیوان کو  چین -امریکہ کے رہنماوں کی ملاقات کے بارے میں اطلاع دینے کا ارادہ رکھتا ہے ، یہ ایک چین کے اصول اور چین -امریکہ کے تین مشترکہ اعلامیوں کی شدید مخالفت ہے ۔ چین  اس کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق امریکی صدر کے مشیر برائے امورِ قومی سلامتی جیک سلیوان نے کہا کہ امریکہ تائیوان کو امریکہ اور چین کے رہنماوں کی ملاقات کی تفصیلات کے بارے میں اطلاع دے گا، امید ہے کہ امریکہ کی آبنائے تائیوان کے امن و استحکام کی حمایت تائیوان کے لئے باعثِ اطمینان ہو گی۔امریکہ  " تائیوان کے ساتھ تعلقات ایکٹ" کے مطابق تائیوان کے دفاع کی حمایت کرے گا۔

چینی ترجمان چاو لی جیان نے کہا کہ دنیا بھر میں صرف ایک چین ہے۔ تائیوان چین کا حصہ ہے۔ اس وقت آبنائے تائیوان میں صورتحال کی کشیدگی کی وجہ یہ ہے کہ تائیوان کی انتظامیہ امریکہ پر پھروسہ کرتے ہوئے چین سے علیحدہ  ہونا چاہتی ہے۔ اور امریکہ کی بعض شخصیات تائیوان کی آڑ میں  چین کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہیں ۔

چاو لی جیان نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ ایک چین کے اصول اور چین امریکہ کے تین علامیوں کے مطابق  تائیوان کے ساتھ سرکاری اور عسکری رابطے کو ختم کرے ، تائیوان کو ہتھیاوں کی فروخت بند کرے اور تائیوان کی علیحدگی کی حمایت نہ کرنے کے اپنے وعدے کو عملی طور پر پورا کرے تاکہ چین امریکہ تعلقات کو خطرناک صورتحال سے بچایا جا سکے۔