چین اور جاپان کےتعلقات میں استحکام اور ترقی کے لیے پانچ نکات پر اتفاق

2022/11/18 12:01:05
شیئر:

سترہ نومبر کو  چینی صدر شی جن پھنگ نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا سے ملاقات کی۔ مشاورت کے بعد، دونوں وفود  نے دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور ترقی کے لیے پانچ نکات پر اتفاق کیا ۔
1. چین-جاپان تعلقات کی اہمیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور نہ ہی آئے گی۔ چین اور جاپان کے درمیان چار سیاسی دستاویزات کے اصولوں کی مشترکہ پابندی کی جائے گی اور "باہمی شراکت دار ہونے اور ایک دوسرے کے لیے خطرہ نہ بننے" کے سیاسی اتفاق رائے پر عمل کیا جائے گا۔ اعلیٰ سطحی تبادلوں اور مکالمے کو مضبوط بنایا جائے گا، باہمی سیاسی اعتماد کو مسلسل بڑھایا جائے گا، اور نئے عہد کے تقاضوں کو پورا کرنے والےمستحکم اور تعمیری نوعیت کے حامل چین-جاپان تعلقات کی تعمیر کے لیے مل کر کوشش کی جائے گی۔
2. جلد از جلد چین اور جاپان کے درمیان اعلیٰ سطحی اقتصادی بات چیت کے نئے دور کا انعقاد کیا جائے گا ، ماحولیاتی تحفظ، سبز ترقی، طبی نگہداشت، بزرگوں کی دیکھ بھال سمیت  دیگر شعبوں میں  باہمی تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا، اور مشترکہ طور پر کاروباری اداروں کو منصفانہ، غیر امتیازی، اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کیا جائے گا۔
3. اس سال چین اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کی 50 ویں سالگرہ منانے کے لیے سرگرمیوں کو سراہا گیا۔ چین اور جاپان کے درمیان ثقافتی تبادلوں کے نئے دور کا آغاز جلد کیا جائے گا۔
4. محکمہ دفاع کے سمندری اور فضائی رابطے کے میکانزم کی براہ راست ٹیلی فون لائن کو جلد از جلد کھولا جائے گا، دفاع اور سمندر سے متعلقہ محکموں کے درمیان بات چیت  کو مضبوط بنایا جائے گا، اور 2014 میں چار نکاتی اصولی اتفاق رائے کی مشترکہ پابندی کی جائے گی۔
5.مشترکہ طور پر بین الاقوامی اور علاقائی امن اور خوشحالی کو برقرار رکھا جائے گا۔ بین الاقوامی اور علاقائی معاملات میں ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کی مشترکہ کوشش کی جائے گی۔