شی جن پھنگ اور امریکی نائب صدر کملاہیرس کے درمیان مختصر بات چیت

2022/11/19 17:21:23
شیئر:

انیس نومبر کو چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے  بنکاک میں ایپک رہنماوں کے غیر رسمی اجلاس کے دوران امریکی نائب صدر کملا ہیرس سے مختصر بات چیت کی ۔ 
 شی جن پھنگ نے کہا کہ انڈونیشیا کے شہر بالی میں صدر جوبائیڈن کے ساتھ ہونے والی ملاقات سٹریٹیجک اور تعمیری رہی جو ،چین -امریکہ تعلقات کے اگلے مرحلے کے لیے اہم رہنمائی کرتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک  باہمی افہام و تفہیم کو مزید فروغ دیں گے، غلط فہمیوں اور غلط  فیصلوں میں کمی ہو گی اور چین - امریکہ  تعلقات کو مثبت اور مستحکم راہ پر واپس لانے کے لئے مشترکہ کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے اس سلسلے میں نائب صدر  کی جانب سے فعال کردار ادا  کرنے کی توقع کا اظہار کیا۔ 
کملا ہیرس نے کہا کہ دونوں سربراہان مملکت کے درمیان حال ہی میں ایک کامیاب ملاقات ہوئی ہے۔ امریکہ چین کے خلاف  محاذ آرائی یا تصادم کا خواہاں نہیں ہے ، دونوں فریقوں  کو عالمی مسائل پر تعاون کرنا چاہیے اور رابطے کے ذرائع کھلے رکھنے چاہئیں۔