چین نے سری لنکا میں سرمایہ کاری اور مالی اعانت میں کبھی کوئی سیاسی مفاد حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی، وزارت خارجہ

2022/11/28 16:47:27
شیئر:

چند روز قبل سری لنکا کے وزیر خارجہ علی صابری نے کہا تھا کہ چین سری لنکا کی درخواست کا احترام کرتا ہے اور اس نے کبھی سری لنکا کو قرض لینے پر مجبور نہیں کیا۔ چین نے سری لنکا کو نہ صرف مختلف طریقوں سے بہت سی مالی مدد فراہم کی بلکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پربھی امداد فراہم کی ہے ، "قرض کا جال" محض مغربی بیانیہ ہے اور  چین ہمیشہ سے سری لنکا کا قریبی دوست رہا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی اٹھائیس نومبر کی پریس کانفرنس میں ترجمان چاؤ لی جیان نے سری لنکن وزیرِ خارجہ کے اس بیان کے حوالے سے کہا کہ چین وزیر خارجہ علی صابری کے بیان کا خیرمقدم کرتا ہے۔ یہ ان قیاس آرائیوں کی ایک بھرپور تردید ہے کہ جن کے مطابق ، چین نے کچھ عرصے سے سری لنکا میں ایک نام نہاد "قرض کا جال" قائم کر رکھا ہے۔ چین نے کبھی بھی سری لنکا کو دی جانے والی امداد میں کوئی سیاسی شرائط عائد نہیں کی ہیں اور نہ ہی سری لنکا میں سرمایہ کاری اور مالی اعانت میں کوئی سیاسی مفاد تلاش کیا ہے۔ چین سری لنکا کے ساتھ روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، باہمی سٹریٹیجک اعتماد کو مضبوط کرنے، عملی تعاون کو گہرا اوروسیع کرنے، چین اور سری لنکا کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو وسعت دینے اور دونوں ممالک اور عوام کو بہتر طور پر فائدہ پہنچانے کا خواہاں ہے۔