اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فلسطین اور اسرائیل کی صورتحال پر اہم اجلاس کا انعقاد

2022/11/29 11:42:27
شیئر:

28 نومبر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان صورتحال پر ایک اہم  اجلاس منعقد کیا۔ اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے چانگ جون  نے کہا کہ فلسطینی عوام کے مستقبل اور تقدیر سے متعلق مسائل پر کسی کو ویٹو کا حق نہیں ہے۔ چانگ جون نےمزید  کہا کہ اسرائیل اور فلسطین ایسے پڑوسی ہیں جنہیں دور نہیں کیا جا سکتا، دونوں کی سلامتی ایک دوسرے پر منحصر اور لازم و ملزوم ہے، اگر ایک فریق کی سلامتی دوسرے کے عدم تحفظ پر مبنی ہے تو اس صورت حال سے نکلنا ناممکن ہوجائے گا ۔ عالمی برادری کو فلسطین اور اسرائیل کی سلامتی کے خدشات پر یکساں توجہ دینی چاہیے اور دونوں فریقوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے کہ وہ مشترکہ سلامتی کے حصول کے لیے بات چیت اور تعاون کے ذریعے سب سے بڑا مشترکہ عنصر تلاش کریں۔
چین نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں امدادی عملے اور انسانی بنیادوں پر تعمیر نو کے سامان کے داخلے اور باہر جانے پر پابندیوں میں نرمی کرے، غزہ کی ناکہ بندی اور محاصرہ جلد از جلد ختم کرے اور مغربی کنارے میں فلسطینی عوام  کی ترقی کے لیے موافق حالات پیدا کرے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فلسطین کے مالی بحران کے خاتمے، عوامی خدمات کو یقینی بنانے، معیشت کی ترقی اور لوگوں کی روزی روٹی کو بہتر بنانے میں مدد کے لیے متعدد چینلز کے ذریعے فلسطین کو مدد فراہم کرے۔
چانگ جون نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین 1967 کی سرحدوں پر مبنی ایک مکمل خودمختار اور آزاد ریاست فلسطین کے قیام کی حمایت کرتا ہے جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو اور فلسطین اور اسرائیل کے پرامن بقائے باہمی اور عرب اور یہودی اقوام کی مشترکہ ترقی کی حمایت کرتا ہے۔