چین کی ، یوکرین بحران کےاثرات کو کم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اپیل

2022/12/07 12:03:37
شیئر:

6 دسمبر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یوکرین میں انسانی صورتحال پر ایک اجلاس منعقد کیا۔ اقوام متحدہ کے نائب سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور مارٹن گریفتھس نے یوکرین میں موجودہ تشویش ناک انسانی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ چینی نمائندے نے اجلاس میں کہا کہ یوکرین بحران کے اثرات کو کم کرنے کے لیے پوری کوشش کی جانی چاہئیے اور یوکرین کے بحران کو سیاسی طور پر حل کرنے کے لیے مذاکرات کی بحالی پر زور دیا جانا چاہیے۔
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے گنگ شوانگ نے کہا کہ چین مزید ثالثی کی اپیل کرتا ہے اور متعلقہ فریقوں کے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے تاکہ جلد از جلد جنگ بندی اور جنگ کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ چینی نمائندے نے اس بات پر زور دیا  کہ یوکرین کے بحران جیسے عالمی اور پیچیدہ بحران کے تناظر میں، ہمیں عوام کو اولین حیثیت دینی چاہیے ، ہمیں انسانیت کو ترجیح دینی چاہیے اور بحران کے  اثرات کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔
چینی نمائندے نے کہا کہ چین تمام امن پسند ممالک کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے خاتمے اور مشاورت کے ذریعے تنازعات حل کرنے کی وکالت کرتا ہے ۔ چین ان تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے جو یوکرین بحران کے سیاسی حل اور یورپ میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے سازگار ہوں۔