چین-عرب سمٹ فریقین کے مابین تعلقات میں ایک عہد ساز سنگ میل ثابت ہو گا، چینی وزارت خارجہ

2022/12/07 17:45:28
شیئر:

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر  چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ 7 سے 10 دسمبر تک سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں چین۔عرب پہلی سمٹ اور چین-خلیج تعاون کونسل کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے اور سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے.
چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے سات تاریخ کو ایک یومیہ پریس کانفرنس میں کہا کہ  چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ کی پہلی چین-عرب سمٹ میں شرکت  عوامی جمہوریہ چین کے قیام کے بعد سے عرب دنیا کے لیے چین کا نمایاں ترین اور اعلیٰ سطحی سفارتی اقدام ہے اور یہ چین-عرب تعلقات کی تاریخ میں ایک عہد ساز سنگ میل ثابت ہو گا۔ 
ماؤ نینگ نے کہا کہ خلیج تعاون کونسل  کے ممالک مشرق وسطیٰ میں چین کے اہم تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں اور چین نے اپنے قیام کے بعد سے خلیج تعاون کونسل  کے ساتھ تعلقات برقرار رکھے ہیں۔ گزشتہ 41 برسوں کے دوران چین اورخلیج تعاون کونسل ممالک  کے تعلقات نے جامع، تیز رفتار اور گہری ترقی کی ہے۔معیشت، تجارت، توانائی، مالیات، سرمایہ کاری، ہائی ٹیک، ایرو اسپیس اور ثقافت  کے شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون کیا گیا ہے۔
ماؤ نینگ نے مزید کہا کہ صدر شی جن پھنگ کا سعودی عرب کا سرکاری دورہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 20ویں قومی کانگریس کے کامیاب انعقاد کے بعد رواں سال مشرق وسطیٰ کے کسی بھی ملک کا پہلا دورہ ہے جبکہ صدر شی جن پھنگ چھ سال بعد سعودی عرب کا دوسرا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔