چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس اور کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنا کے اشتراک سے چینی فلم اور ٹیلی ویژن کے حوالے سے "واچ ٹی وی اینڈ واچ چائنا" اوورسیز یوتھ فورم کا ورچوئل انعقاد کیا گیا۔اس فورم کے انعقاد سے ملکی اور بیرونی سطح پر نوجوانوں میں چینی فلم اور ٹیلی ویژن کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ یوتھ فورم کی بدولت نوجوانوں کے لئے چین اور چینی ثقافت کو حقیقی، جامع اور معروضی انداز میں سمجھنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے.فورم میں یونیورسٹی آف پنجاب، چائنا میڈیا گروپ ، شنگھائی ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن اسٹیشن اور کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنا کے ماہرین اور اسکالرز سمیت کمیونیکیشن یونیورسٹی سے پشتو، ہندی، بنگالی اور دیگر بڑے شعبوں میں زیر تعلیم طلباء شریک ہوئے۔
اس موقع پر کمیونیکیشن یونیورسٹی کے سکول آف فارن چائنیز اینڈ کلچر کی وائس ڈین لیو ینگ
نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ چاروں موسموں کے اسٹریٹجک شراکت دار کی حیثیت سے چین اور پاکستان نے ثقافت، فلم اور ٹیلی ویژن کے میدان میں مسلسل تبادلوں کو فروغ دیا ہے۔ حالیہ برسوں میں پاکستان میں نشر ہونے والی مقبول چینی ٹی وی سیریز "بیجنگ یوتھ" کو مقامی ناظرین نے بے حد پسند کیا ہے، اسی طرح پاکستانی فلمیں بھی چین میں ریلیز کی گئی ہیں۔ چین اور پاکستان کے درمیان فلم اور ٹیلی ویژن ثقافت کے میدان میں تبادلے اور تعاون نے فریقین کے مابین ثقافتی تبادلوں کا ایک نیا تاریخی باب کھول دیا ہے۔اس ثقافت کو دونوں ممالک کے نوجوانوں کے مابین ہم آہنگی و بات چیت اور مواصلات کو بڑھانے کے لئے ایک اچھے کیریئر کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
چائنا میڈیا گروپ کے شعبہ اردو سے وابستہ غیر ملکی ماہر سارہ افضل نے کہا کہ چین اور پاکستان کے عوام بالخصوص نوجوان جس قدر ایک دوسرے کے بارے میں زیادہ جان پائیں گے ،اُسی قدر ایک بہتر اور خوشحال مستقبل کی تشکیل کے لیے مل کر کام کیا جا سکتا ہے۔