ایران جوہری معاہدے کے حتمی مرحلے تک پہنچنے کے لیے تیار ہے، ایرانی وزیر خارجہ

2022/12/22 10:00:20
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق اکیس تاریخ کو ایرانی وزیر خارجہ عبداللہیان نے کہا کہ ایران نے یورپی یونین کے حکام کے ساتھ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے خاتمے اور ایران جوہری معاہدے کے فریقین کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی دوبارہ تکمیل پر متعلقہ مذاکرات پر بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر امریکہ کے حالیہ قول و فعل منافقانہ اور متضاد ہیں اور ایران جوہری معاہدے میں شامل تمام فریقین کو حقیقت کی طرف لوٹنا چاہیے، اگر ایران کی "ریڈ لائن" کی ضمانت دی جائے تو ایران متعلقہ معاہدے تک پہنچنے کے لیے حتمی اقدام اٹھانے کو تیار ہے۔

علاوہ ازیں عبداللہیان نے ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کے بارے میں بھی اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران سعودی عرب کے ساتھ مذاکراتی عمل کو جاری رکھنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے پرزور الفاظ میں کہا کہ اگر سعودی عرب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے تیار ہے تو ایران اس کا خیر مقدم کرے گا۔