چین آسٹریلیا تعلقات ایک نئے نکتہ آغازپر

2022/12/22 20:40:58
شیئر:

21 دسمبر کو چینی صدر شی جن پنھگ نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ پرآسٹریلوی گورنر جنرل ہرلے اور وزیر اعظم البانیز کے ساتھ مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا ۔ اسی روز چین اور آسٹریلیا کے وزرائے خارجہ نے بیجنگ میں چین آسٹریلیا سفارتی اور تزویراتی مذاکرات کا چھٹا دور منعقد کیا اور دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ چین اور آسٹریلیا کے تعلقات باہمی احترام، مساوات اور باہمی فائدے کی بنیاد پر دونوں ممالک کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کی پوزیشن کے مطابق ہونے چاہئیں۔
یہ چین اور آسٹریلیا کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے اور فروغ دینے کی تازہ ترین کوشش ہے۔ گزشتہ ماہ صدر شی جن پھنگ اور وزیر اعظم البانیز نے انڈونیشیا کے شہر بالی میں ملاقات کی تھی جس میں دوطرفہ تعلقات میں بہتری کی راہ ہموار کرنے کی نشاندہی کی گئی تھی۔ اس بار آسٹریلوی وزیر خارجہ نے تین سال سے زائد عرصے کے بعد چین کا دورہ کیا اور چین اور آسٹریلیا کے درمیان سفارتی اور تزویراتی مذاکراتی میکانزم بحال کیا جو چار سال سے زائد عرصے سے معطل  تھا ۔یہ  بالی اجلاس میں دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

گزشتہ چند برسوں میں امریکہ کی جانب سے صف آرائی کو فروغ دینے کے تناظر میں کچھ آسٹریلوی سیاست دانوں نے چین کے ساتھ تعاون کی عملی لائن کو ترک کر دیا ہے اور چین کو دبانے میں امریکہ کی پیروی کی ہے۔ نتیجتا چین اور آسٹریلیا کے تعلقات غیر معمولی مشکلات کا شکار ہو گئے تھے۔
چینی فریق نے تجویز پیش کی کہ چین اور آسٹریلیا کو ساتھ مل کر چلنے میں تین نکات کو سمجھنا چاہئے یعنی باہمی احترام ، اختلافات کو ملحوظ رکھتے ہوئے مشترکہ نکتہ نظر کی تلاش ، اور باہمی فائدہ مند اور جیت جیت  کے تعاون کا فروغ۔
چین اور آسٹریلیا کے تعلقات کو اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے۔دونوں فریقوں کو سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ سے فائدہ اٹھا کر دونوں ممالک کے رہنماؤں کے اہم اتفاق رائے کو مشترکہ طور پر نافذ کرنا چاہیے، اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا چاہیے۔  مستحکم چین-آسٹریلیا تعلقات نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کے بنیادی مفادات میں ہیں بلکہ ایشیا بحر الکاہل کے خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کو بھی فروغ دیں گے۔