چین امریکہ کی جانب سے نیشنل ڈیفنس آتھرائزیشن ایکٹ پر دستخط کرنے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے: ترجمان وزارت خارجہ

2022/12/24 16:24:21
شیئر:

 

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتے کے روز  ایک پریس ریلیز میں کہا کہ چین امریکہ کی جانب سے نیشنل ڈیفنس آتھرائزیشن ایکٹ برائے مالی سال 2023 کی منظوری کی  سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ اس ایکٹ میں چین سے متعلق منفی مواد موجود ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ چین نے اس حوالے سے امریکہ کو   اپنے سنجیدہ تحفظات  سے  آگاہ  کردیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ ایکٹ، حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے، "چین کے خطرے" کے بیانیے کو بڑھاوا دیتا ہے، چین کے اندرونی معاملات میں صریح مداخلت کرتا ہے، اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) پر حملہ کرتا ہے اور اسے بدنام کرتا ہے، ترجمان نے مزید کہا کہ یہ چین کے خلاف ایک سنگین سیاسی اشتعال انگیزی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ سی پی سی کی قیادت تاریخ اور  چینی عوام کا انتخاب ہے۔ چینی عوام چین کی ترقی کو دبانے اور اسے روکنے اور چینی قوم کی نشاۃ ثانیہ کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے امریکی مذموم ارادے کو  واضح طور پر دیکھ  سکتے ہیں۔ "چینی عوام اور سی پی سی کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔"

اس ایکٹ میں تائیوان کے بارے میں بڑی تعداد میں منفی دفعات بھی شامل ہیں جو ایک چین کے اصول اور چین- امریکہ تین مشترکہ اعلامیوں کی سنگین خلاف ورزی ہیں ۔

"تائیوان چین کا تائیوان ہے۔ چین کے اندرونی معاملات میں کسی قسم کی بیرونی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا،" ترجمان نے کہا کہ امریکہ کو چین پر قابو پانے کے لیے تائیوان کو استعمال کرنے کی کوشش کو بند کرنا چاہیے، ایک چین کے اصول پر عمل کرنا چاہیے اور غلط اور خطرناک راستے پر مزید آگے بڑھنا ترک کرنا چاہیے۔

"ہم امریکہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ بالی میں دونوں صدور کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے اور مفاہمت پر دل سے عمل کرے، سرد جنگ اور زیرو سم ذہنیت اور نظریاتی تعصب کو ترک کرے۔

 ترجمان نے کہا، چین اپنی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے مضبوطی سے تحفظ کے لیے مضبوط اور پرعزم اقدامات کرے گا۔