سال نو کے موقع پر چین کی سی پی پی سی سی کے زیر اہتمام ٹی پارٹی سے شی جن پھنگ کا اہم خطاب

2022/12/30 20:32:49
شیئر:

 

نئے سال کے موقع پر چین کی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی نے تیس تاریخ کو ایک ٹی پارٹی کا اہتمام کیا۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین اور صدر مملکت شی جن پھنگ نے اہم خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال میں ہمیں چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئےپورے سال کے اہداف پورا کرنے کی کوشش کرنی ہوگی اور دوسرے صد سالہ اہداف کی تکمیل کےلئے ٹھوس بنیاد رکھنی ہوگی۔

شی جن پھنگ نےسی پی سی کی مرکزی کمیٹی، ریاستی کونسل اورمرکزی فوجی کمیشن کی طرف سے مختلف سیاسی جماعتوں، صنعتی و تجاری فیڈریشن، غیرجماعتی شخصیات، پوری قوم،   ہانگ کانگ، مکاؤ، تائیوان اور سمندر پار ہم وطنوں اور چین کی جدید کاری کی حمایت کرنے والے تمام غیرملکی دوستوں کو نئے سال کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شی جن پھنگ نے نشاندھی کی کہ  دو ہزار بائیس چینی کمیونسٹ پارٹی اور ملک کی ترقی کی تاریخ میں نہایت اہمیت کا حامل سال ثابت ہوا ہے۔ رواں سال سی پی سی کی بیسویں قومی کانگریس کا انعقاد کیا گیا، معاشی ترقی برقرار رکھی گئی، اچھی زرعی پیدوار حاصل کی گئی، روزگار اور مہنگائی کا مستحکم معیار برقرار رکھا گیا۔ انسداد وبا کی پالیسیوں کو بروقت بہتر بناتے ہوئے عوام کی صحت کی بہترین انداز میں حفاظت کی گئی ۔ بیجنگ ونٹر اولمپکس اور ونٹرپیرالمپکس کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا گیا اور ہانگ کانگ کی مادر وطن کی واپسی کی پچیسویں سالگرہ منائی گئی۔ ان تمام کامیابیوں کا حصول پوری قوم کے اتحاد اور بڑی جدو جہد کا نتیجہ ثابت ہوا ہے۔

لی کھہ چھیانگ ، لی چان شو، وانگ یانگ ، لی چھیانگ ، چاؤ لہ چی، وانگ حو نینگ ، چائی چھی، لی شی  اور وانگ چھی سان سمیت چینی کمیونسٹ پارٹی اور ملک کے اہم رہنمائوں نے اس ٹی پارٹی میں شرکت کی۔