چین اور روس کے رہنماوں کے درمیان نئے سال کے موقع پر مبارک باد کے پیغامات کا تبادلہ

2022/12/31 19:08:29
شیئر:


31 دسمبر 2022 کو چینی صدر شی جن پھنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے نئے سال کے موقع پر مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔
شی جن پھنگ نے چینی حکومت اور عوام کی جانب سے صدر پیوٹن اور روسی عوام کو دلی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ 2022 ایک غیر معمولی سال رہا ہے۔ بین الاقوامی صورتحال کی تیز رفتار تبدیلیوں اور عالمی وبا کے مسلسل پھیلاؤ کے پیش نظر، چین -روس تعلقات نے ہمیشہ ترقی کےصحت مند رجحان کو برقرار رکھا ہے۔ اس سال چین اور روس کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون میں بتدریج اضافہ ہوا ہے اور توانائی، سرمایہ کاری اور باہمی روابط سمیت دیگر شعبوں میں نئی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں، جس سے دونوں ممالک کی مشترکہ ترقی میں مدد ملی ہے۔ دونوں فریقوں نے باضابطہ طور پر چین روس کھیلوں کے تبادلے کے سال کا آغاز کیا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور روایتی دوستی مزید گہری ہوئی ہے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ میں صدر پیوٹن کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنا چاہتا ہوں، اور  مختلف شعبوں میں جامع اسٹریٹجک کوآرڈینیشن اور عملی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کی رہنمائی کرنا چاہتا ہوں،  تاکہ دونوں ممالک اور عوام کو فائدہ ہو۔
صدر پیوٹن نے صدر شی جن پھنگ کو سال نو کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی اور چینی عوام کی خوشحالی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پیوٹن نے کہا کہ رواں سال روس اور چین کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط ہوتی رہی ہے، جو ترقی کی مضبوط رفتار کو ظاہر کرتی ہے اور بیرونی چیلنجوں کا مقابلہ کرتی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی مکالمے کی مختلف جہتیں ہے، دو طرفہ تجارتی حجم میں نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے، اور سرحد پار نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ روس اور چین کے کھیلوں کے تبادلے کا سال کامیابی سےمنعقد ہوا، جس نے دو طرفہ  ثقافتی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ مجھے یقین ہے کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے دونوں فریقین باہمی تعاون کو نئی اور اعلیٰ سطح پر لے جا سکتے ہیں اور روس اور چین کے عوام کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔
اسی دن وزیر اعظم لی کھہ چیانگ اور روسی وزیر اعظم میشوسٹن نے نئے سال کی مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔