چین کی ریاستی کونسل کے جوائنٹ پریوینشن اینڈ کنٹرول میکنیزم اور چین کے سنٹرل رورل ورک لیڈنگ گروپ نے حال ہی میں "دیہی علاقوں میں نوول کورونا وائرس کے انفیکشن کی روک تھام اور کنٹرول کو مضبوط بنانے کے لیے پلان" جاری کیا ۔جس میں نچلی سطح پر انسداد وبا کے نظام کی بہتری، دیہی علاقوں میں طبی سامان کی فراہمی ، شدید بیماریوں کے علاج کی بہتری ، کمزور دیہی آبادیوں کے تحفظ اور زرعی پیداوار کے استحکام اور فراہمی سمیت دیگر پہلوؤں پر زور دیا گیا ہے۔
پلان میں پہلے چارنکات انسداد وبا کے چار پہلوؤں پر اہمیت دیتے ہیں جوانسداد وبا کی سائنسی منطق کے حامل ہیں۔ مثال کے طور پر، "پلان" میں دیہی علاقوں میں طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کامطالبہ کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ تمام علاقوں میں کووڈ ۱۹کے مریضوں کے درجہ بند علاج اور صحت کے انتظام کی خدمات پر عمل درآمد کی رہنمائی کی جائے۔ قصبے کے مراکز صحت کی کووڈ مریضوں کی وصولی کی صلاحیت کو بہتر بنایا جائے اور اصولی طور پر تمام علاقوں میں بخار کے کلینک قائم کئے جائیں۔ پلان میں ادویات کی تیاری کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ ادویات سے متعلقہ کمپنیوں کو ادویات کی تیاری ، ماسک اور اینٹیجن جیسے طبی سامان کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا اور بخار ، کھانسی اور درد کی کمی کی دوائیوں کی پیداوار اور فراہمی کو تیز کرنا ہوگا اور شدید طلب کی ادویات کی پیکنگ آسان بنائی جائے۔ پلان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گاؤں والوں کی کمیٹیوں اور طبی اداروں، فارمیسیوں وغیرہ کے درمیان براہ راست ہاٹ لائنز قائم کی جائیں اور دیہی علاقوں میں ادویات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے۔ ایک اور مثال یہ ہے کہ "پلان" میں سائنسی طریقے سے درجہ بند علاج کا مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ سنگین بنیادی بیماری نہ رکھنے والے غیرعلامتی انفیکشن والوں اور ہلکی علامت والوں کو گھر میں خود کی دیکھ بھال کرنے کی اجازت دی جائے۔ اگر طبی علاج قصبے کامرکز صحت نہیں کر سکتا تو مریضوں کی کاؤنٹی سطح کے ہسپتالوں میں بروقت منتقلی کو یقینی بنایا جائے۔ یہ دیکھنا مشکل نہیں ہے کہ مذکورہ پلان گزشتہ تین سالوں میں انسداد وبا کے حوالے سے چین کے تجربات کا عکاس ہے۔
علاوہ ازیں، پلان میں چین کے دیہی علاقوں کی خصوصیات کو مدنظر رکھتے ہوئے موسم سرما میں سبزیوں کی مستحکم پیداوار اور فراہمی پر بھی زور دیا گیا ہے۔پلان میں نشاندھی کی گئی ہے کہ سردیوں کے موسم میں سبزیوں کی پیداوار اور فراہمی کی صورت حال کے مطابق، سبزیوں کی پیداوار کے اہداف طے کئے جائیں۔ اور ساتھ ہی ساتھ پالیسی، مواد، ٹیکنالوجی، اہلکاروں کی ضمانت کو مضبوط بناتے ہوئے آفات پر قابو پانے کے اقدامات اور سبزیوں کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ پلان میں کہا گیا ہے کہ مارکیٹ کی معلومات کی فراہمی اور پیداوار و فروخت کے درمیان کوآرڈینیشن کو مضبوط بناتے ہوئے آمد ورفت کے راستوں کو ہموار کیا جائے تاکہ زرعی پیداوار کی کمی کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔ چین ایک بڑی آبادی والا ملک ہے۔انسداد وبا کے پلان میں خاص طور پر زرعی پیداوار کو یقینی بنانے کے تقاضے نہ صرف چینی حکومت کی جانب سے زراعت، دیہی علاقوں اور کسانوں کو مستقل اہمیت کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ خوراک کی قومی سلامتی پر حکومت کے ہائی الرٹ کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔
اس وقت چین کی تمام مقامی حکومتیں مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے اپنے اپنے تفصیلی اقدامات بھی اختیار کر رہی ہیں۔ مثال کے طور پر، جنوب مغربی چین کے صوبہ سیچوان کی طرف سے جاری کردہ متعلقہ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ مقامی حکومتوں کو اپنے علاقے میں قائم کمزور لوگوں کی معلومات کے حصول کے سلسلے میں بنیادی بیماریوں کے شکار 65 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ افراد کی حالت کی تصدیق کرنی ہوگی اور حاملہ خواتین، بزرگوں اور بچوں کی صحت کی بروقت نگرانی کرنی ہوگی۔دیہی علاقوں میں رائج معلوماتی کارڈ کا بھرپور استعمال کیا جائے جو سرکاری افسران،صحت کے رابطہ کاروں اور ڈاکٹروں کے رابطے کی معلومات کی حامل ہیں تاکہ خصوصی اور مشکل گروپوں کو دقت پیش نہ آئے۔ گاؤں والوں اور صحت کے رابطہ کاروں کے درمیان وی چیٹ گروپ قائم کرکے رابطے کو ہموار بنایا جائے ۔
دنیا کے سب سے بڑی آبادی والے ملک کے طور پر، چین کی زیادہ تر آبادی اب بھی دیہی علاقوں میں رہائش پذیر ہے۔ چین کے روایتی تہوار جشن بہاراں کی آمد کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر لوگوں کی متوقع نقل و حرکت کی وجہ سے دیہی علاقوں میں انسداد وبا کے لیے نئے چیلنجز پیدا ہو سکتے ہیں۔ گزشتہ تین سالوں سے چین نے عوام کی صحت کو اولین ترجیح دینے کے تصور پر کاربند رہتے ہوئے سائنسی اور درست اقدامات اور اپنی پالیسیوں کی بروقت بہتری کی بدولت عوام کی صحت اور جانی سلامتی کا بحسن و خوبی تحفظ کیا ہے۔ اب چین میں انسداد وبا ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور وبا کے ساتھ مقابلہ اب بھی جاری ہے۔ لیکن ہمیں یقین ہے کہ حکومت چین کے درست پیشگی اندازے اور پہل کرتے ہوئے اپنے اقدامات کو بہتر بنانے کے پیش نظر چین میں دیہی علاقوں سمیت پورے ملک میں انسداد وبا کی فتح یقیناً حاصل ہوگی ۔ اتحاد فتح ہے۔روشنی قریب ہے۔