پاکستانی وزیر اعظم کی جانب سے قدرتی آفات سے نمٹنے میں زبردست مدد پر چین کا شکریہ

2023/01/08 16:41:00
شیئر:

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے 6 جنوری کو کہا کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد آفت زدہ علاقوں میں لوگوں کی بھرپور مدد کرنے پر پاکستان چینی حکومت اور کاروباری اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ شہباز شریف نے دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاوس میں سیلاب سے نمٹنے اور ریلیف فنڈ میں چائنہ انرجی کنسٹرکشن کارپوریشن (انرجی چائنا) کے عطیہ کے حوالے سےایک تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کی دیرینہ مدد اور حمایت پر شکرگزار ہے اور طویل عرصے سے پاکستان میں اپنی سماجی ذمہ داریوں کو فعال طور پر نبھانے پر چینی کاروباری اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ خاص طور پر جب 2022 میں پاکستان کو شدید سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، چین نے آفت زدہ علاقوں میں لوگوں کو بڑی مدد فراہم کی ۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر سے پاکستانی عوام کو فائدہ پہنچا ہے، اور چینی کمپنیوں نے پاکستان میں توانائی اور انفراسٹرکچر جیسے مختلف شعبوں کی تعمیر میں شاندار خدمات سرانجام دی ہے۔ پاکستان نئی توانائی بالخصوص فوٹو وولٹک توانائی کی سرمایہ کاری اور تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے پر چینی کمپنیوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ 
چائنا انرجی انٹرنیشنل کنسٹرکشن گروپ کمپنی لمیٹڈ پاکستان برانچ کے جنرل منیجر لو شیو فونگ نے کہا کہ انرجی چائنا ہمیشہ پاکستان میں مقامی معاشرے کی ترقی کا خیال رکھتی ہے اور  آفات سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مدد جاری رکھے گی تاکہ آفات کے بعد بحالی اور تعمیر نو کا کام تیزی سے سر انجام دیا جا سکے۔