ایتھوپیا کے وزیر اعظم کی چینی وزیر خارجہ چھن گانگ سے ملاقات

2023/01/11 11:52:42
شیئر:

10 جنوری کوایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد علی نے ادیس ابابا میں چین کے وزیر خارجہ چھن گانگ سے ملاقات کی۔
 ابی احمد علی  نے کہا کہ چھن گانگ وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سب سے پہلےایتھوپیا کادورہ کر رہے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی اور دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ دونوں ممالک نے بنیادی ڈھانچے ، سبز معیشت ، زراعت ، صنعتی پارکس کی تعمیر اور دیگر شعبوں میں  تعاون سے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جو مثالی اہمیت  کی حامل ہیں ۔ ایتھوپیا اپنے ملک میں سرمایہ کاری کے لیے مزید چینی کاروباری اداروں کا خیرمقدم  کرتا ہے ۔ 
 چھن گانگ  نے کہا کہ چین اور ایتھوپیا کے درمیان سفارتی تعلقات نصف صدی سے زائد عرصے سے  قائم  ہیں اور دونوں ممالک نے  ترقی پذیر ممالک کے درمیان یکجہتی اور تعاون کی ایک مثال قائم کی ہے۔ چین  اپنے قومی حالات کے مطابق ترقی کے راستے پر چلنے کے لیے ایتھوپیا کی حمایت کرتا ہے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو گہرا کرنے اور اسے  وسعت دینے کا خواہاں  ہے ۔ایتھوپیا میں سرمایہ کاری کرنے اور ایتھوپیا کی تعمیر نو کے عمل میں حصہ لینے کے لئے مزید چینی کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایتھوپیا کاروبار  کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گااور چینی اہلکاروں اور اداروں کی حفاظت اور جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے عملی اور موثر اقدامات کرے گا.