چین اور یورپی یونین کے کاروباری رہنماؤں کے درمیان گول میز مذاکرات کا انعقاد

2023/01/15 16:23:36
شیئر:

یورپی یونین میں چینی چیمبر آف کامرس اور چین میں یورپی یونین چیمبر آف کامرس نے تیرہ تاریخ کو برسلز میں " چین۔یورپی یونین کے کاروباری رہنماؤں کے درمیان گول میز مذاکرات" کا انعقاد کیا۔ چین اور یورپی یونین کے سرکاری اداروں ، کاروباری اداروں اور میڈیا کے 70 نمائندوں نے  اس موقع پر چین۔ یورپی یونین کے ٹھوس تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ 

یورپی یونین میں تعینات چینی وفد کے منسٹر برائے امور معیشت و تجارت پھنگ گانگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال چین -یورپ کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ ہوا۔ فریقین نے تعاون کے معیار کو بلند کیا اور اسے وسعت دی۔ فریقین موسمیاتی تبدیلی ، ماحول دوست ترقی ، ڈیجیٹل تبدیلی ، بنیادی ڈھانچے اور باہمی روابط سمیت متعدد شعبوں میں گہرے تعاون  پر عمل پیرا ہیں۔

پھنگ گانگ نے کہا کہ یورپی یونین میں چینی چیمبر آف کامرس اور چین میں یورپی یونین چیمبر آف کامرس ، چین - یورپی یونین کے معاشی و تجارتی تعلقات میں پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں چیمبرز کاروباری نقطہ نظر پر قائم رہیں گے اور تحفظ پسندی کی مخالفت کریں گے۔

یورپی یونین میں چینی چیمبر آف کامرس کے سربراہ شو ہائی فنگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین میں انسداد وبااقدامات کی بہتری کے بعد چین اور یورپی یونین کے کاروباری اداروں کے لیے تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔انہوں نے فریقین کے درمیان تبادلہ اور مشاورت کو مضبوط  بنانے  اور چین - یورپی یونین کے درمیان ماحول دوست ترقی اورڈیجیٹل تبدیلی  سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے کی امید ظاہر کی۔

 چین میں یورپی یونین چیمبر آف کامرس کے سربراہ نے کہا کہ چین میں یورپی یونین کے کاروباری ادارے چین میں کاروباری ماحول کی بہتری کے حوالے سے پراعتماد ہیں اور مشکلات پر قابو پاتے ہوئے چین میں اپنا کاروبار جاری رکھیں گے۔