سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی فی الحال منظوری نہیں دی جا سکتی، ترک ایوان صدر

2023/01/15 15:31:00
شیئر:

ترکیہ کے مقامی ذرائع ابلاغ کی چودہ تاریخ کی اطلاع کے مطابق ترک ایوان صدر کے ترجمان نے کہا ہے کہ ترکیہ فی الحال  سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی منظوری نہیں دے سکتا۔ اس سے قبل سویڈن نے اپنے آئین میں ایک ترمیمی مسودے کی منظوری دی تھی جس کی روشنی میں دہشت گردی کےخلاف مزید سخت اقدامات اپنانا ممکن ہو گیا ہے۔ تاہم ترک ایوان صدر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سویڈن کی پارلیمنٹ کو متعلقہ اقدامات پر رائے شماری کے لئے کم سے کم چھ  ماہ درکار ہوں گے اور ترکیہ سویڈن کا متعلقہ قانون پاس ہونے کےبعد ہی اپنے اقدامات کرےگا۔

یاد رہے کہ سویڈن اور فن لینڈ نے مئی دو ہزار بائیس میں نیٹو میں شمولیت کی درخواست پیش کی تھی ، تاہم ترکیہ نے اس کی مخالفت کی تھی۔ ترکیہ کا موقف ہے کہ سویڈن اور فن لینڈ ترک حکومت کی جانب سے دہشت گرد قرار دی جانے والی تنظیموں کی حمایت کرتے ہیں۔ مذاکرات کے کئی ادوار کے بعد ترکیہ ، سویڈن اور فن لینڈ نے جون دو ہزار بائیس میں مفاہمت کی ایک یاد داشت پر دستخط کئے۔ جس کے مطابق سویڈن اور فن لینڈ کردستان ورکز پارٹی، شامی کرد مسلح عوامی پروٹیکشن یونٹس اور گولن موومنٹ کی حمایت ترک کریں گے اور ساتھ ساتھ ترکیہ پر عائد دفاعی سازو سامان کی برآمدات کی پابندیاں  بھی اٹھائی جائیں گی۔جواب میں ترکیہ سویڈن اور فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کی حمایت کرےگا۔