چین کا دو طرفہ کھلے پن سے مشترکہ کامیابی کے حصول پر زور

2023/01/16 16:06:43
شیئر:

پیر کو چین کے نائب وزیرخارجہ شے فنگ نے 2023 کی میکرو صورتحال پر سالانہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی مشترکہ تعمیر کے لئے مشترکہ کھلے پن کو  فروغ دے کر  تعاون و مشترکہ پیش رفت کے نئے مواقع  پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھلے پن سے مشترکہ کامیابی کا حصول ممکن ہے۔ چین اور پوری دنیا تسلسل کے ساتھ کھلے پن سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔سال دو ہزار تیرہ سے لے کر سال دو ہزار اکیس تک عالمی اقتصادی ترقی میں چین کی  اوسط شراکت 38.6  فیصد تک پہنچ چکی ہے ، جو جی 7 کے  مجموعی تناسب سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔

شے فنگ نے مزید کہا کہ کھلا پن دو طرفہ ہونا چاہیے۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ ایک جانب دوسروں سے کھلے پن کا مطالبہ کیا جائے اور دوسری جانب اپنے دروازے  بند کر لیے جائیں۔ یہ طرز عمل  نہ صرف دوسروں کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ خود اپنے مفادات سے بھی مطابقت نہیں رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض ممالک مسابقتی فوائد حاصل کرنے کے لیے دوسرے ممالک کی ترقی کو روکنے اور پابندیاں عائد کرنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔یہ نامناسب ہے۔

چینی نائب وزیرخارجہ نے  کہا کہ چین نے موجودہ صورتحال کے مطابق اپنی انسداد وبا پالیسی میں ترمیم کی ، جس سے نہ صرف چینی معیشت کی بحالی کا راستہ ہموار ہوا ہے بلکہ عالمی اقتصادی بحالی کے لیے نئی قوت بھی فراہم کی گئی ہے ۔ عالمی برادری نے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایسے ممالک ، جو سائنس و حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئےسیاسی جوڑ توڑ کے ذریعے چین مخالف امتیازی اقدامات اختیار کر رہے ہیں، ان کے خلاف چین کا مناسب ردعمل فطری ہے۔