امریکہ جاپان مشترکہ بیان کا مقصد خود پر عائد فوجی پابندیوں کے خاتمے کے لئے جواز ڈھونڈنا ہے، چینی وزارت خارجہ

2023/01/16 17:18:11
شیئر:

حالیہ دنوں جاپان اور امریکہ کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ کی ٹو پلس ٹو بات چیت کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا۔  چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ون بین نے پیر کے روز اس مشترکہ بیان کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ جاپان مشترکہ بیان حقائق کو توڑ مروڑ کر چین کے نام نہاد جوہری خطرے کو اجاگر کرنے کا مقصد  ،خود پر عائد فوجی پابندیوں کے خاتمے کے لئے جواز ڈھونڈنا ہے۔ترجمان نے کہا کہ چین کسی بھی لمحے اور کسی بھی صورت میں جوہری ہتھیار کے استعمال میں پہل نہیں کرےگا اور  جوہری اسلحہ نہ رکھنے والے ممالک کے خلاف غیرمشروط طور پر جوہری ہتھیار استعمال نہیں کرےگا یا جوہری ہتھیار کے استعمال کی دھمکی نہیں دےگا۔

وانگ ون بین نے کہا کہ چین دنیا  میں جوہری اسلحہ رکھنے والے پانچ ممالک میں وہ واحد ملک ہے جس نے یہ موقف اپنایا ہے۔جب تک  کوئی دوسرا ملک چین کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال نہیں کرےگا، تب تک اسے چین کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کا ہر گز کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔ترجمان نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلائو کے معاہدے پر دستخط کرنے والے ملک کی حیثیت سے جاپان کو عدم جوہری پھیلائو کے حوالے سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داری اٹھانی ہوگی۔چین امریکہ اور جاپان پر زور دیتا ہے کہ وہ سرد جنگ کی ذہنیت اور محاذ آرائی کی سوچ کو ترک کرتے ہوئے تخفیف جوہری اسلحہ اور عدم پھیلائو کے اپنے فرائض پورے کریں اور علاقائی نیز عالمی امن و امان کے استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔