مذاکرات یوکرین کے بحران کو حل کرنے کا سب سے حقیقت پسندانہ اور قابل عمل طریقہ ہے،اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب

2023/01/18 10:22:52
شیئر:

اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب دائی بنگ نے 17 تاریخ کو یوکرین کے مسئلے پر سلامتی کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنازعے میں کوئی فاتح نہیں ہے اور  مذاکرات ہی  یوکرین کے بحران کو حل کرنے کا سب سے حقیقت پسندانہ اور قابل عمل طریقہ ہے۔
دائی بنگ کا کہنا تھا کہ یوکرین کا بحران شروع ہونے کے بعد سے مختلف شعبوں میں مسائل یکے بعد دیگرے سامنے آئے ہیں اور مختلف مذاہب، ثقافتوں اور معاشروں کے درمیان  تصادم بھی گہرا ہوتا جا رہا ہے۔ تنازعے کا طویل، وسیع اور پیچیدہ ہونا کسی بھی فریق کے لئے ناقابل  برداشت ثابت ہوگا. چین کو امید ہے کہ تمام متعلقہ فریق تحمل کا مظاہرہ کریں گے،  بات چیت کریں گے اور سیاسی ذرائع سے مشترکہ خدشات کو حل کرنے کے لئے کام کریں گے۔ بین الاقوامی برادری کو امن قائم کرنے اور مذاکرات کو فروغ دینے، روس اور یوکرین کو بات چیت کی طرف واپس آنے کی ترغیب دینے اور جلد  جنگ کے خاتمے کے لئے سازگار ماحول تیار کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ نفرت پھیلانے اور تضادات کو ہوا دینے کے کسی بھی عمل کو مسترد کیا جانا چاہئے۔
دائی بنگ نے کہا کہ گزشتہ ہفتے یوکرین کے مسئلے  پر سلامتی کونسل کے کھلے اجلاس میں بہت سے ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ 2023 کو امن کا سال بننا چاہیے۔ یہ چین کی مضبوط امید بھی ہے۔ چین ایک معروضی اور غیر جانبدارانہ موقف کو برقرار رکھے گا اور تمام امن پسند ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ بین الاقوامی برادری تنازعات کے خاتمے کے لئے  ایک مشترکہ فورس تشکیل دےسکے ۔چین یوکرین کے بحران کے پرامن حل میں تعمیری کردار ادا کرتا رہےگا۔