پھولوں کی خوشبو سے مہکتی امیدیں

2023/01/20 16:46:53
شیئر:

موسم بہار کا سب سے پہلا احساس فلاور مارکیٹ میں پھولوں کی دستیابی ہے۔ جنوب مغربی چین کے صوبہ یوننان کے صدر مقام کھون مینگ کی ڈونائن فلاور مارکیٹ میں خریدو فروخت سالانہ عروج پر پہنچ چکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈو نائن فلاور مارکیٹ ایشیا میں تازہ پھولوں کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے  جہاں سے پھول جاپان، جنوبی کوریا اور سنگاپور سمیت پچاس سے زائد ملکوں اور علاقوں تک برآمد کئے جاتے ہیں اور چینی مارکیٹ ہی میں دستیاب دس پھولوں میں سے سات کا تعلق اسی منڈی سے ہے۔

مس تھیان ٹھنگ یہاں پھولوں کی ایک کمپنی کی مالکن ہیں اور انہیں پھولوں کی کاشت،فروخت اور پودوں کی پرورش کرتے ہوئے دس سال ہو چکے ہیں۔ وہ کام کے لئے صبح آٹھ بجے گھر سے  نکلتی ہیں۔ ان کےلئے ڈیوٹی پھولوں کی خوشبو سے مہکتی ہوئی امید کے مترادف ہے۔چین میں انسداد وبا کی پالیسی بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ  فلاور مارکیٹ کی رونقیں بھی لوٹ آئی ہیں اور پھولوں کی خرید وفروخت جشن بہار کی آمد پر ایک بار پھر عروج پر پہنچ گئی ہے۔