بھارت روس سے جتنا تیل خرید سکتا ہے اتنا خریدے گا، غیرملکی میڈیا

2023/01/29 15:42:55
شیئر:

طاس نیوز ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق 27 جنوری کو بھارت کے جی 20 کے کوآرڈینیٹر امیتابھ کانت نے کہا کہ بھارت روس سے تیل خریدنا جاری رکھے گا اور بھارت جتنا تیل  خریدنا چاہتا ہے ،اتنا تیل خریدے گا۔ اس کے علاوہ بھارت اپنی کرنسی کے ذریعے خریدنے کے طریقوں  پر تحقیق کر رہا ہے۔
 رپورٹ کے مطابق کانت نے کہا کہ مغربی ممالک کی جانب سے روس پر پابندیاں عائد کئے جانے کے بعد بھارت نے روس سے تیل خریدنا ختم نہیں کیا۔ کانت کا کہنا تھا کہ روس کی آئیل  کمپنیاں بھارت میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں اور ہمارے روس کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور روس کے تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
بھارت کے جی 20 کے کوآرڈینیٹر نے کہا کہ ماسکو اور نئی دہلی اپنی کرنسی کے ذریعے تجارت کرنے کے امکانات کا جائزہ لےرہے ہیں۔
بھارت تیل کی درآمدات  کے حوالے سے دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے۔ 2022 کے آغاز میں روس سے بھارت کو  تیل کی درآمد  صرف 0.2 فی صد تھی جبکہ 2022 کی آخر تک یہ حجم 20 فی صد سے زائد ہو چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت روس سے تیل کی خریداری پر مغرب کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیوں کی حمایت نہیں کرتا۔ بھارتی وزیر تیل اور گیس ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ تیل پر کسی ملک کا نام نہیں لکھا ہوتا۔ بھارت اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے آزادانہ پالیسی پر عمل درآمد جاری رکھے گا۔