شی جن پھنگ کی طرف سے ہنگری-چینی دو زبانوں کے اسکول کے طلباء کو جوابی خط

2023/01/31 15:45:26
شیئر:

حال ہی میں ، چینی صدر شی جن پھنگ نے ہنگری  کے  ہنگری - چینی دو زبانوں کے سکول  کے طلباء کوایک  جوابی خط بھیجا ، جس میں ہنگری کے نوجوانوں کو چین کے بارے میں مزید جاننے اور چین ہنگری دوستی کے مقصد کو وراثت میں لینے اور فروغ دینے کی امید ظاہر کی گئی۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور ہنگری دونوں کی اپنی اپنی طویل تاریخ اور شاندار ثقافت ہے، دونوں ممالک کے عوام روایتی طور پر دوست ہیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ ہنگری کے زیادہ سے زیادہ نوجوان چینی تعلیم حاصل کرنا اور چینی زبان سیکھنا پسند کریں گے، انہیں چین کا دورہ کرنے کا موقع ملے گا، چین اور اس کی تاریخ اور ثقافت کے بارے میں مزید جانیں گے، اور چین ہنگری دوستی کے پیامبر بننے کی کوشش کریں گے.
ستمبر 2004 میں قائم ہونے والا  ہنگری -چینی دو زبانی اسکول وسطی اور مشرقی یورپ میں واحد عوامی کل وقتی اسکول ہے جہاں چینی اور ہنگری دونوں زبانوں کی تعلیم دی جاتی ہے۔اسکول  میں 12 گریڈوں میں 20 کلاسیں اور 530 سے زیادہ طلباء ہیں۔ اکتوبر 2009 میں ، ہنگری کے اپنے دورے کے دوران ، اس وقت کے نائب صدر  مملکت شی جن پھنگ نے  اسکول کا دورہ کیا۔ رواں سال جشنِ بہار  کے موقع پر اسکول کے طلباء نے صدر شی اور ان کی اہلیہ پروفیسر پھنگ لی یوان کو خط لکھ کر جشن بہار کی مبارکباد دی، اسکول میں 12 سال سے چینی زبان کی تعلیم حاصل کرنے کے بارے میں اپنے احساسات سے آگاہ کیا اور یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے چین آنے اور ہنگری اور چین کی دوستی میں اپنا حصہ ڈالنے کی خواہش کا اظہار کیا۔