شدید زلزلے کے باعث ترکیہ اور شام میں سینکڑوں افراد ہلاک

2023/02/06 15:51:15
شیئر:


ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ترکیہ کے جنوب مشرق میں علی الصبح  شدید زلزلہ آیا ۔ میڈیا کے مطابق زلزلے سےترکیہ میں  اب تک کم از کم 76 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ شام میں ہلاکتوں کی تعداد 237 ہو چکی ہے۔
ترکیہ کے صوبے کاہرامانمارس اور گازیانتیپ میں علی الصبح یکے بعد دیگرے شدید نوعیت کے دو زلزلے آئے جن کی شدت بالترتیب7.4 اور 6.4 تھی ۔ زلزلے کے جھٹکے  اتنے شدید تھے کہ یہ قریبی صوبوں میں بھی محسوس کیے گئے ۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق  زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی ہے۔
ترکیہ کے علاوہ لبنان اور شام بھی زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں۔شام کی وزارت صحت کے مطابق زلزلے سے  اب تک کم از کم 237 افراد ہلاک جب کہ 639 زخمی ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ سال 2011 میں بھی ترکیہ میں 7.2  شدت کا زلزلہ آیا تھا جب کہ  سال 2020 میں 6.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں بالترتیب  644 اور 116 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے چھ تاریخ کومنعقدہ پریس کانفرنس میں چین کی جانب سے شام اور ترکیہ میں زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کے لیے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ اور زخمیوں کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ترکیہ اور شام کے عوام اس آفت سے جلد از جلد نکل آئیں گے اور اپنے گھروں کی تعمیر نو کریں گے۔