چینی خلائی اسٹیشن سے واپس آنےوالے پاکستانی پودوں کے بیجوں کی حوالگی کی تقریب

2023/02/09 15:45:52
شیئر:


8 فروری کو  چینی خلائی اسٹیشن سے پاکستانی پودوں کے بیجوں کی کامیاب واپسی کی خوشی میں اسلام آباد میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا اور پاکستان میں چینی سفارتخانے کے حکام نے چینی خلائی اسٹیشن سے واپس آنے والے بیج ، پاکستانی سائنسدانوں کے حوالے کیے ۔ خیال رہے کہ پاک-چائنا  سپیس کوآپریشن پراجیکٹ کے فریم ورک کے تحت پاکستانی سائنسدانوں نے پاکستان میں موجود  طبی اہمیت کے حامل سات پودوں کے بیجوں کا انتخاب کیا تھا جو 5 جون 2022 کو شینژو -14 خلائی جہاز کے ذریعے چین کے خلائی اسٹیشن پہنچے تھے اور 6 ماہ تک خلا میں رہنے کے بعد 4 دسمبر 2022کو واپس زمین پر  آئےتھے۔ پاکستانی سائنسدان ان بیجوں اور عام بیجوں کو ایک ہی وقت میں اگانے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ جین، نشوونما کی خصوصیات، اجزاء اور دیگر پہلوؤں کا موازنہ کیا جا سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئےپاکستان کے وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے، اور  پاک-چائنا  سپیس کوآپریشن پراجیکٹ  کی بدولت پاکستان کو پودوں کے وہ بیج پیدا کرنے میں مدد ملےگی جو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا بہتر مقابلہ کر سکیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے ذریعے  چین کے ترقیاتی تجربات سے سیکھے گا تاکہ پاکستان کا سائنسی اور تکنیکی معیار بہتر ہو سکے۔
پاکستان میں چینی سفارت خانے کے ناظم الامور پھانگ چھون شیوئی نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی پودے خلا میں داخل ہوئے ہیں اور یہ منصوبہ یقینا چین - پاک تعاون کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت حاصل کرےگا۔انہوں نے کہا کہ  چین، پاکستان کے ساتھ ترقیاتی حکمت عملی کو مزید مضبوط کرے گا ، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور لوگوں کے معیار زندگی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو حقیقی معنوں میں آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔