چینی اور ایرانی صدور کے درمیان مذاکرات

2023/02/14 19:41:51
شیئر:

چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے چودہ تاریخ کی سہ پہر کو بیجنگ میں دورے پر آئے ہوئے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کے ساتھ  مذاکرات کئے ۔ اس موقع پر شی جن پھنگ نے نشاندہی کی  کہ چین اور ایران روایتی طور پر دوست رہے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات مختلف بین الاقوامی تبدیلیوں کے امتحان پر پورا اترے ہیں۔ چین نے ہمیشہ چین ایران تعلقات کو تزویراتی نقطہ نظر سے دیکھا اور انھیں ترقی دی ہے اور چین ایران جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی مسلسل ترقی کو فروغ دیا ہے۔ شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین قومی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ میں ایران کی حمایت کرتا ہے، یکطرفہ پسندی ,بالادستی اور ایرانی داخلی امور میں بیرونی مداخلت کی مخالفت میں ایران کی حمایت کرتا ہے۔ چین باہمی مفادات سے متعلق امور پر ایران کی حمایت جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔ چین ایران کو خراج تحسین پیش کرتا ہے کہ وہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو فعال طور پر بہتر بناتا ہے ، مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے تنازعات کو حل کرتا ہے اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرتا ہے ۔ 
سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران اور چین مخلص اسٹریٹجک شراکت دار ہیں جو باہمی اعتماد کے مستحق ہیں۔ ایران چین کے ساتھ ہر سطح پر تبادلوں کو مستحکم کرنے کی امید رکھتا ہے، ایران  میں سرمایہ کاری کے لئے چینی کاروباری اداروں کا خیرمقدم کرتا ہے، اور مزید چینی سیاحوں کے ایران  آنے کا منتظر ہے۔انہوں نے کہا کہ  ایران بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو، گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو اور  گلوبل سیکیورٹی انیشی ایٹو کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اس میں فعال طور پر حصہ لے گا۔