چین ، ترکیہ میں ہونے والی تباہی کے بعد تعمیر نو کے لیے مدد فراہم کرنے کو تیار ہے ، ترکیہ میں چین کے سفیر

2023/02/16 10:14:47
شیئر:

ترکیہ میں چین کے سفیر لیو شاوبین نے سی ایم جی کے نامہ نگارکو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں ترکیہ کے لیے چین کی امداد اور چینی ریسکیو ٹیم کے امدادی کاموں کی صورتحال کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔
لیو شاوبین نے کہا کہ ترکیہ میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد  چینی حکومت نے فوری طور پر ہنگامی امداد کے نظام کو متحرک کیا، ترکیہ کو 40 ملین یوآن کی ہنگامی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا اور آفات سے نمٹنے اور امدادی سازوسامان فراہم کرنے کے لیے فوری طور پر اربن ریسکیو ٹیم روانہ کی۔ ترکیہ میں چینی سفارتخانہ، ترکیہ کی وزارت خارجہ، وزارت صحت اور ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (AFAD) کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ ترکیہ کے لیے چینی امدادسے متعلقہ امور پر عمل درآمد کیا جاسکے۔
12 فروری تک، چینی حکومت کی طرف سے امدادی سامان کی پہلی کھیپ ترکیہ پہنچ چکی تھی، جس میں 100 ٹن سے زیادہ کمبل اور خیمے شامل تھے جن کی آفت زدہ علاقوں میں سب سے زیادہ ضرورت تھی ،اس کے علاوہ کچھ طبی آلات بھی بہت جلد پہنچ جائیں گے۔
لیو شاوبین نے کہا کہ چین کی طرف سے بھیجی گئی ریسکیو ٹیم میں چینی حکومت کی بین الاقوامی ریسکیو ٹیم کے 82 ارکان اور ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کی حکومت کی ریسکیو ٹیم کے 59 ارکان شامل ہیں۔دونوں ٹیمیں 8 اور 9 فروری کو امدادی سامان کے ساتھ ترکیہ پہنچی تھیں اور ترکیہ کے شدید متاثرہ صوبے ہاتے میں کام کررہی ہیں۔
 ترکیہ کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس تباہی کےبعد تعمیر نو کا کام کرے گی۔ لیو شاوبین نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ ترک عوام جلدازجلد  اس مشکل صورتِ حال پر قابو پالیں گےاور اپنے وطن کی تعمیر نو کریں گے۔ چین، اس تباہی کے بعد تعمیرِ نو کے عمل میں اپنی صلاحیت کے مطابق ترکیہ کو مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔