چین کی امریکہ سے یکطرفہ پابندیاں ختم کرنے کی اپیل ، چینی وزارت خارجہ

2023/02/16 17:01:03
شیئر:

چودہ  فروری کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی ویب سائٹ نے اقوام متحدہ کے ماہرین کا ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ایران پر امریکی یکطرفہ پابندیوں کے نتیجے میں ایرانی تھیلیسیمیا کے مریض درآمدی ادویات حاصل کرنے سے قاصر ہیں، جس سےمزید پیچیدگیاں اور اموات ہوئیں۔
اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے کہا کہ طویل عرصے سے امریکہ نےبین الاقوامی قانون اور  اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اجازت کے بغیر  ایران سمیت کئی ممالک پر من مانی غیر قانونی یکطرفہ پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جس سے بہت سی انسانی تباہی ہوئی ہے۔ 
امریکہ کے بروکنگز انسٹی ٹیوشن کے اندازوں کے مطابق امریکہ کی طرف سے لگائی جانے والی مسلسل پابندیاں ، اس وبا کے بدترین دور میں ایران میں 13,000 اموات کا سبب بن سکتی ہیں۔ افغانستان پر امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں کی وجہ سے  تقریباً 30 لاکھ بچے غربت کے باعث سکولوں سے باہر ہیں اور تقریباً  دو کروڑ افراد کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ شام پر امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں کی وجہ سے زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیوں میں تاخیر کے باعث بچوں سمیت عام شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ 
چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے مطابق غیر قانونی یکطرفہ پابندیاں بند کرے، اور دوسرے ممالک میں لوگوں کی زندگی، صحت اور ترقی کے حقوق کا دل سے احترام کرے۔