وانگ ای کی پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات

2023/02/18 15:31:37
شیئر:

17 تاریخ کو سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور سینٹرل فارن افیئرز کمیشن کے دفتر کے ڈائریکٹر وانگ ای نے میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت  کے دوران پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔
وانگ ای نے کہا کہ چین اور پاکستان چاروں موسموں کے اسٹریٹجک پارٹنر ہیں اور فریقین کے درمیان دوستی چٹان کی مانند مضبوط ہے۔ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے شدہ اسٹریٹجک اتفاق رائے پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے اور نئے دور میں ہم نصیب معاشرے  کی تعمیر کا خواہاں ہے۔ چین سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے اور ترقی و احیاء کے حصول میں پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اپنی صلاحیت کے مطابق پاکستان کو  درپیش عارضی مشکلات پر قابو پانے میں مدد فراہم کرنے پر آمادہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے  پاک چین تعلقات کی ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین پاکستان کا ہر وقت کا دوست ہے اور  چین کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی اور سی پیک کی تعمیر کو فروغ دینا  پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہے۔ پاکستان دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا اور پاکستان میں چینی اداروں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔
فریقین نے موجودہ بین الاقوامی صورتحال میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وانگ ای نے نشاندہی کی کہ چین کا سویلین بغیر پائلٹ والا ہوائی جہاز راستے سے ہٹ کر نادانستہ طور پر  امریکہ کی فضائی حدود  میں داخل ہوا ۔امریکہ کو  اس حادثاتی واقعے سے تحمل، منطقی اور پیشہ ورانہ انداز سے نمٹنا چاہیے تھا۔ تاہم، امریکہ نے بنیادی حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے طاقت کا غلط استعمال کیا ، حد سے زیادہ ردعمل دکھایا اور بڑھا چڑھا کر تشہیر کی ،جو  یہ ظاہر کرتا ہے کہ چین کے بارے میں امریکی تعصب اور لاعلمی مضحکہ خیز سطح تک پہنچ چکی ہے۔ چین مطالبہ کرتا ہے کہ امریکہ اس مسئلے کو حل کرنے میں خلوص کا مظاہرہ کرے اور داخلی سیاسی ضروریات کے تابع اس طرح کے مضحکہ خیز  فعل سے باز رہے۔