چین کا انسانی حقوق کی اپنی راہ پر ثابت قدمی سے گامزن رہنے کا عزم

2023/02/19 15:46:13
شیئر:

چینی وفد نے حال ہی میں جنیوا، سوئٹزرلینڈ میں معاشی، سماجی اور ثقافتی حقوق سے متعلق بین الاقوامی معاہدے کے نفاذ کے تیسرے جائزے میں شرکت کی۔ جنیوا میں چین کے مستقل مندوب چھن شو نے اجلاس کے بعد چائنا میڈیا گروپ کے نامہ نگار کو بتایا کہ چین ثابت قدمی سے انسانی حقوق کی ترقی کی اپنی  راہ پر گامزن رہے گا اور دنیا بھر میں معاشی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے فروغ اور تحفظ میں مثبت کردار ادا کرے گا۔
چھن شو نے کہا کہ  چینی حکومت نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے منشور اور انسانی حقوق کے عالمی منشور کی روح کی پاسداری کی ہے، انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کو فعال طور پر نبھایا ہے، انسانی حقوق کی آفاقیت کے اصول کو اپنے قومی حقائق کے ساتھ مربوط کرتے ہوئے معاشی اور سماجی ترقی کو مسلسل فروغ دیا ہے، عوام کی فلاح و بہبود میں اضافہ کیا ہے، اور چینی قوم کی عظیم نشاۃ الثانیہ کے چینی خواب کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ چین متعلقہ عالمی معاہدوں کے اپنے ہاں نفاذ اور نتائج کے مثبت جائزے کا خیرمقدم کرتا ہے اور کھلے ذہن کے ساتھ متعلقہ امور پر تبصرے  کو تسلیم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اپنے انسانی حقوق کے اقدامات پر  متعلقہ معاہدوں اور مجاز اداروں کے جائزے میں مخلصانہ اور ذمہ دارانہ انداز میں شرکت جاری رکھے گا، متعلقہ فریقین کے ساتھ رابطے اور مشاورت کا انعقاد کرتا رہے گا، بین الاقوامی انسانی حقوق کی حکمرانی میں فعال طور پر حصہ لے گا، متعلقہ فریقوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، اور انسانی تہذیب کے تنوع کو فروغ دینے اور عالمی انسانی حقوق  کی ترقی کو فروغ دینے میں مسلسل اپنا کردار ادا کرے گا۔