نارڈ اسٹریم واقعے کی معروضی اور منصفانہ تحقیقات کی ضرورت ہے،سی ایم جی کا تبصرہ

2023/02/24 11:20:49
شیئر:

روس کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے حال ہی میں "نارڈ  اسٹریم" قدرتی گیس پائپ لائن کے دھماکے پر ایک عمومی بحث کا انعقاد کیا۔ چینی فریق نے واضح کیا کہ اس معاملے کی معروضی، منصفانہ اور پیشہ ورانہ تحقیقات کا ہر ملک کے مفادات اور تحفظات سے گہرا تعلق ہے اور چین سچائی کا جلد پتہ لگانے کے لیے تحقیقاتی عمل کو تیز کرنے کی حمایت کرتا ہے۔
نارڈ  اسٹریم  پائپ لائن ایک اہم بین الاقوامی انفراسٹرکچر اور توانائی کی نقل و حمل کا بڑا ذریعہ ہے۔ اس کی تباہی سے توانائی کی عالمی منڈی اور قدرتی ماحول پر شدید منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ دنیا  کو سچ جاننے کا حق ہے، اس معاملے کو یونہی حل طلب نہیں رہنا چاہیے۔
 نارڈ  اسٹریم دھماکے کی وجہ سے سینکڑوں ملین کیوبک میٹر قدرتی گیس کا اخراج ہوا۔ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے تجزیے کے مطابق، اس  دوران لیک ہونے والی میتھین گیس کے اخراج کی کل مقدار کا تخمینہ 75 سے 230 کلوٹن تک تھا، اور میتھین زمین کا درجہ حرارت بڑھانے میں کاربن ڈائی آکسائیڈ سے 80 گنا زیادہ طاقتور ہے۔
اس کے علاوہ، "نارڈ  اسٹریم" کا واقعہ ایک سیاسی مسئلہ ہے، جو پورے یورپ کی سلامتی اور استحکام سے متعلق ہے۔ اس واقعے کی ایک معروضی اور منصفانہ تحقیقات کے انعقاد اور جلد سے جلد مجرم کی تلاش سے ،  تمام فریقوں کو زیادہ بہتر فیصلے کرنے اور گفت و شنید کے ذریعے یوکرینی بحران کے سیاسی حل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔