چین کا یوکرینی بحران کےحوالے سے جلد از جلد جنگ بندی کا مطالبہ

2023/02/24 11:38:55
شیئر:

23 فروری کو  یوکرین کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کاخصوصی ہنگامی  اجلاس منعقد ہوا۔ اس روز ہونے والے اجلاس میں جنرل اسمبلی نے یوکرین سمیت 75 ممالک کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کردہ 'امن فارمولے' کے مسودے  کی منظوری دی ۔ اس رائے شماری میں 141 ممبران نے حمایت اور7 نے مخالفت میں ووٹ دیا، جبکہ 32 نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔
 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چین کا کہنا تھا کہ یوکرین کے معاملے پر چین کا موقف مستقل اور واضح ہے، یعنی تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جائے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں پر عمل کیا جائے، تمام ممالک کے جائز سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھا جائے اور بحران کے پرامن حل کے لیے تمام سازگار  کوششوں کی حمایت کی جائے۔ موجودہ صورتحال کے تناظر میں  چین نے چار نکات پیش کیے ہیں۔پہلا یہ کہ اس وقت سب سے اہم کام جنگ بندی اور جتنی جلدی ممکن ہو لڑائی کا خاتمہ ہے . دوسرا، مذاکرات  یوکرین کے بحران کو حل کرنے کا واحد قابل عمل طریقہ ہے۔ تیسرا  یہ کہ بین الاقوامی برادری کو اس حوالے سے قیام امن اور مذاکرات کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔ چوتھا، مشترکہ سلامتی اور پائیدار امن کے حصول کی کوشش کی جائے ۔
چین نے کہا کہ ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے چین ہمیشہ امن اور مذاکرات کے ساتھ کھڑا رہا ہے ۔