چین نے یوکرین کے معاملے میں ہمیشہ پرامن مذاکرات اور بات چیت کی حمایت کی ہے ، چینی وزارت خارجہ

2023/02/27 16:33:03
شیئر:

حالیہ دنوں امریکہ کی طرف سے  مسلسل یہ غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں  کہ  چین کی جانب سے روس کو اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے ۔اس حوالے سے ایک سوال کے جواب میں  چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے  27 فروری کو منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ یوکرین کے معاملے میں چین نے  آغاز  ہی سے امن  کے قیام کے لیے  مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے اس بحران کے سیاسی حل  کے  فروغ کی کوشش کی ہے ۔ ترجمان نے کہا  کہ امریکہ کو چین روس تعلقات کو ڈکٹیٹ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے اور ہم کبھی بھی امریکی دباؤ کو قبول نہیں کریں گے۔مائو نینگ نے اس بات پر زور دیا کہ  امریکہ نہ صرف یوکرین کو  مہلک ہتھیار فراہم کر رہا ہے بلکہ چین کے ساتھ  تین مشترکہ اعلامیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے   مسلسل چین کے تائیوان کے علاقے کو بھی  جدید ہتھیار فروخت کر رہا ہے۔  انہوں نے کہا کہ امریکہ کو دنیا کے سامنے وضاحت دینی چاہیے کہ وہ کیا  چاہتا ہے؟