تائیوان کے معاملے پر امریکہ نے غلط راہ پر چلنے کی روش برقرار رکھی تو نتائج سنگین ہوں گے ، چینی وزارت خارجہ

2023/02/28 18:18:48
شیئر:

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے حال ہی میں کہا تھا کہ آبنائے تائیوان کا بحران پوری دنیا کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ اگر چین کی "جارحیت" کی وجہ سے تائیوان میں کوئی بحران پیدا ہوتا ہے تو اس کے دنیا کے دیگر ممالک اور معیشتوں کے لئے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔ اس حوالے سے چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے 28 تاریخ کو  پریس کانفرنس میں اس بات پر زور دیا کہ  بلنکن کا  بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور مضحکہ خیز  ہے  اور چین اس کی سخت مذمت کرتا ہے۔
ترجمان  نے کہا کہ  تائیوان کے معاملے پر بلنکن کو تاریخ سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے؛ تائیوان قدیم زمانے سے چین کا  اٹوٹ  حصہ رہا ہے، اور ایک چین کا اصول  عالمی سطح پر بین الاقوامی تعلقات کا تسلیم شدہ اصول ہے ۔ساتھ ہی یہ چین کے لئے دوسرے ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کی اہم سیاسی شرط اور بنیاد بھی ہے۔چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ  اگر امریکہ نے اس معاملے میں اپنی روش برقرار رکھی  تو  اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور امریکہ کو یقینا اس کی بھاری قیمت  چکانا  پڑے گی۔