اوہائیو ٹرین حادثے کے بعد قریبی رہائشیوں میں کیمیائی اثرات سے وابستہ امراض کی تشخیص

2023/02/28 16:44:54
شیئر:

این بی سی نیوز کے مطابق امریکی ریاست اوہائیو کے علاقے مشرقی فلسطین میں ٹرین حادثے کے مقام سے ایک میل کے فاصلے پر رہنے والےرہائشیوں اور کارکنوں کو برونکائٹس اور دیگر امراض کی تشخیص ہوئی ہے جن کے بارے میں ڈاکٹروں اور نرسوں کو شبہ ہے کہ ان کا تعلق کیمیائی اثرات سے ہے۔ اکثر شہریوں نے شکایت کی کہ انہیں ٹرین حادثے کے محض دو روز بعد ہی سرمئی بلغم والی کھانسی شروع ہو گئی تھی۔ حادثے کے مقام سے متصل ایک مینوفیکچرنگ کمپنی سیرام فیب کے 10 میں سے پانچ ملازمین اس قدر بیمار  ہوئے کہ وہ کام کرنے کے قابل نہیں تھے۔ کمپنی کے جنرل مینجر کے مطابق ٹرین حادثے کے بعد وینائل کلورائڈ کے اخراج کی وجہ سے انہیں تقریباً ایک ہفتے کے لیے آپریشن معطل کرنا پڑا، جسے دھماکے کے خطرے سے بچنے کے لیے دانستہ جلایا گیا تھا۔اس کے علاوہ اکثر رہائشیوں کو دانے، متلی، قے، ناک اور آنکھوں کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔مشرقی فلسطین کے قریب ترین واقع فوری نگہداشت کلینکس میں کام کرنے والے طبی حکام کے مطابق وہ اس علاقے میں یومیہ پانچ سے 10ایسے افراد کو دیکھ رہے ہیں جن میں کیمیائی اثرات سے مطابقت رکھنے والی علامات پائی جاتی ہیں۔ان علامات میں پھیپھڑوں میں جلن، آنکھوں میں جلن، گلے میں درد وغیرہ شامل ہیں۔اس حوالے سےیونیورسٹی آف کیلیفورنیا، سان فرانسسکو میں میڈیسن کے پروفیسر اور پھیپھڑوں کی ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر جان بالمز کے مطابق کلورین والے مرکبات کو جلانے کی صورت میں خارج ہونے والا مادہ کیمیائی برونکائٹس کا سبب بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ملک میں انسداد امراض مرکز نے بھی کہا کہ یہ کیمیائی خطرے کی علامات ہوسکتی ہیں۔اس حوالے سے مرکز نے  رہائشیوں کا انٹرویو کرنے اور ممکنہ صحت کے مسائل کی تحقیقات کے لئے ایک ٹیم مشرقی فلسطین بھیجی ہے.لیکن ڈاکٹروں کے لئے ان امراض اور خاص کیمیکلز کے درمیان براہ راست تعلق قائم کرنا کافی مشکل ہے کیونکہ ایسا صرف لیبارٹری ٹیسٹ  اور امیجنگ ٹیسٹ سے ہی ممکن ہے۔دوسری جانب شہریوں نے  ہوا اور پانی کے معیار اور تحفظ سے متعلق بھی اپنے خدشات ظاہر کیے ہیں۔