امریکہ میں امیر اور غریب کے درمیان فرق کی تلخ حقیقت کو چھپایا نہیں جا سکتا، تبصرہ

2023/02/28 16:33:13
شیئر:

امریکہ وہ مغربی ملک ہے جہاں  امیر اور غریب کے درمیان  فرق سب سے زیاد ہ ہے  اور یہ فرق  اس  قدر گہرا ہوتا جا رہا ہے کہ  امیر ،امیر  تر  اور غریب ،غریب تر ہو رہے ہیں۔امریکی مردم شماری بیورو کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، 2021 میں امریکہ میں گنی کوائنسٹ 0.494 تک پہنچ گیا  جو ایک نئی بلند ترین سطح ہے۔ امیر اور غریب کے درمیان فرق امریکی معاشرے میں ایک مستقل بیماری اور امریکی جمہوریت اور انسانی حقوق پر ایک سنگین داغ بن چکا ہے۔
1970 کی دہائی سے، امریکہ میں آمدنی میں عدم مساوات اور دولت کا تفاوت گہرا ہوا ہے۔فیڈرل ریزرو کے اعداد و شمار کے مطابق، امریکی آبادی کے امیر ترین 1 فیصدافراد کی دولت 2021 میں 45.9 ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے ،جو کہ نچلے درجے  کے 90 فیصد امریکیوں کی مشترکہ دولت سے زیادہ ہے۔  ماہر معاشیات  جوزف اسٹیگلٹز نے نشاندہی کی ہے  کہ امریکہ غریبوں سے بھرا ایک امیر ملک بن گیا ہے، اور اعلیٰ طبقے اور دیگر طبقات کے درمیان ایک بہت بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے ۔ 
کووڈ-۱۹ وبا کے پھیلنے کے بعد سے، امریکہ میں امیر اور غریب کے درمیان فرق مزید بگڑ گیا ہے۔ امریکہ کے امیر ترین طبقے نے اپنی دولت میں تیزی سے اضافہ کیا ہے کیونکہ زیادہ کرنسی کے اجراء اور بڑے پیمانے پر مالی اخراجات نے اسٹاک کی قیمتوں اور مکانات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ خاندانی دولت سے متعلق فیڈرل ریزرو کی رپورٹ کے مطابق، 2021 کی چوتھی سہ ماہی تک، امریکہ میں امیر ترین 1 فیصد  آبادی کی کل دولت میں وبا کے دوران 12 ٹریلین امریکی ڈالر سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے، جو 1/3سے زیادہ کا اضافہ ہے۔ اس کے ساتھ  اس وبا سے پیدا ہونے والی معاشی کساد بازاری کی وجہ سے بڑی تعداد میں امریکی اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور کم آمدنی والے افراد کی معاشی صورتحال مزید ابتر ہوگئی ہے۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے نشاندہی کی کہ کووڈ-۱۹ وبا سے نمٹنے کے لیے امریکی پالیسی غریبوں کے لیے ناکام رہی ہے۔
امیر اور غریب کے درمیان فرق نے امریکہ میں سماجی ناانصافی کو بڑھا دیا ہے۔ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے وسائل ہمیشہ امیروں کی طرف غیر متناسب طور پر جھک ہوئے دکھائی دیتے ہیں  اور کم آمدنی والے افراد مساوی تعلیمی مواقعوں سے محروم ہو جاتے ہیں۔ امیر اور غریب کے درمیان دائمی تفاوت سے چھٹکارا پانا مشکل ہے، اور اس کا امریکی سیاسی نظام اور امریکی حکومت کی طرف سے نمائندگی کرنے والے سرمائے کے مفادات سے گہرا تعلق ہے۔
دنیا کے سب سے بڑے سرمایہ دار ملک ہونے کے ناطے امریکہ کا مسحور کن نقاب امیر اور غریب کے درمیان پولرائزیشن کی تلخ حقیقت کو چھپا نہیں سکتا۔امریکی جمہوریت  جو امیر اور غریب کے درمیان پولرائزیشن کا مسئلہ حل نہیں کر سکتی بلاشبہ منافقت پر مبنی  ہے۔ امریکہ کو آمدنی کے اعتبار سے نچلے درجے   کے لوگوں کی آواز  کو سننا ہو گا۔۔ ملک میں امیر اور غریب کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق کی سنگین حقیقت کا سامنا کرنا ہو گا اور اس  مسئلے کو حل کرنا ہو گا۔