شی جن پھنگ کی بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے ساتھ بیجنگ میں ملاقات

2023/03/01 20:14:24
شیئر:
چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے یکم مارچ کو بیجنگ میں  چین کے دورے پر آئے ہوئے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو  کے ساتھ  ملاقات کی۔شی جن پھنگ نے کہا کہ گزشتہ سال ستمبر میں ہم نے سمرقند میں مشترکہ طور پر  چین بیلاروس تعلقات کو چار موسموں کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کا جو اعلان کیا، اس سے دونوں ممالک کے درمیان  تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو تقویت ملی ہے۔ 
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور بیلاروس کے درمیان دوستی مضبوط ہے اور  فریقین  کو  باہمی سیاسی اعتماد کو  مزید مضبوط بناتے ہوئے  ایک دوسرے کا سچا دوست اور اچھا  ساتھی بننا چاہئے۔ چین، تائیوان، سنکیانگ، ہانگ کانگ اور انسانی حقوق سے متعلق امور پر چین کے جائز موقف کے لیے بیلاروس کی بھرپور حمایت کو سراہتا ہے۔ دونوں ممالک  کو  ترقیاتی راستے کے انتخاب کے حوالے سے ایک دوسرے  کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے اپنے بنیادی مفادات کے تحفظ میں ایک دوسرے کی حمایت کرنا چاہیے اور اندرونی معاملات میں بیرونی مداخلت کی مخالفت کرنا چاہیے  تاکہ  دونوں ممالک کی خودمختاری اور سیاسی سلامتی کا تحفظ ممکن ہو۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان  تعاون کمیٹی کے کردار کو بھرپور انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے اقتصادی اور تجارتی تعاون کو وسعت دینا، چین-بیلاروس انڈسٹریل پارک کی تعمیر کرنا اور چین-یورپ ٹرین سمیت دیگر رابطوں کی تعمیر کے تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے.ہمیں طبی اور صحت کے شعبے میں تعاون، مقامی حکومتوں کے تعاون اور عوامی و ثقافتی تبادلوں کو مزید فروغ دینا چاہیئے تاکہ  چین اور بیلاروس کی دوستی  عوام کے دلوں میں بھی  جڑ پکڑ سکے۔
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے کہا کہ بیلاروس کے عوام کے دل ہمیشہ چینی عوام سے جڑے رہے ہیں اور وہ ہر وقت چین کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہیں گے۔لوکاشینکو نے کہا کہ بیلاروس یوکرین بحران کے سیاسی تصفیے پر چین کے موقف اور تجویز سے مکمل طور پر متفق ہے اور اس کی حمایت کرتا ہے۔ 
بات چیت کے بعد دونوں صدور نے مشترکہ بیان پر دستخط کئے اور فریقین کے درمیان تجارت، صنعت ، زراعت، کسٹمز، سائنس و ٹیکنالوجی، صحت عامہ، سیاحت، اسپورٹس سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے دستاویزات پر بھی دستخط کئے گئے۔