امریکہ چین کو بدنام کرنا بند کرے، چینی وزارت خارجہ

2023/03/02 17:08:08
شیئر:

اطلاعات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے یکم مارچ  کو "یوکرین بحران کے سیاسی تصفیے پر چین کا موقف" دستاویز کے حوالے سے چین کے خلاف الزامات لگائے۔ اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے 2 مارچ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ یوکرین کے معاملے پر چین معروضی اور منصفانہ موقف پر قائم ہے اور چین  قیام امن اور مذاکرات کو فروغ دیتے ہوئے بحران کے سیاسی حل کو فروغ دیتا رہا ہے۔ چین ہمیشہ امن اور مذاکرات کا حامی رہا ہے ۔
 مائو نینگ کا کہنا تھا  کہ امریکہ یوکرین کے میدان جنگ میں مہلک ہتھیار بھیجتا رہا ہے اور ساتھ ہی غلط معلومات پھیلانے میں  بھی مصروف ہے جس کی چین سخت  مخالفت  کرتا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ خودمختاری کا احترام کرنے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن وہ تائیوان کے معاملے پر اپنے سیاسی وعدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے  چین کے تائیوان کو جدید ہتھیار فروخت کر  رہا ہے۔ امریکہ کا دعوی ہے کہ وہ امن چاہتا ہے لیکن وہ دنیا بھر میں جنگیں لڑ رہا ہے۔ امریکہ بین الاقوامی نظم و نسق کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے  لیکن اس نے غیر قانونی یکطرفہ پابندیوں کا استعمال کرتے ہوئے اپنے اندرونی قوانین کو بین الاقوامی قانون سے بالاتر رکھا ہے۔ امریکہ کا دعوی ہے کہ وہ منصفانہ مسابقت چاہتا ہے لیکن وہ دوسرے ممالک کے کاروباری اداروں کو غیر مناسب طریقے سے دبانے اور بین الاقوامی تجارتی قوانین کو پامال کرنے کے لیے اپنی  طاقت کا غلط استعمال کرتا  رہاہے۔