شی جن پھنگ اعلی معیار کی ترقی پر بار بار کیوں زور دیتے ہیں؟

2023/03/06 10:23:16
شیئر:

5 مارچ کو  چین کے اعلی ترین قومی اختیاراتی ادارے یعنی قومی عوامی کانگریس کا سالانہ اجلاس بیجنگ میں شروع ہوا۔ چین کے اعلی ترین رہنما شی جن پھنگ نے   اسی دن جیانگ سو کے صوبائی وفد کی جانب سے حکومت کی ورک رپورٹ پر نظر ثانی میں شرکت کی اور اپنی تقریر میں انہوں نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا ہے کہ اعلیٰ معیار کی ترقی اولین ترجیح ہے۔
قومی عوامی کانگریس کا نظام چینی جمہوری نظام کا ایک اہم حصہ ہے۔ قومی عوامی کانگریس کے ایک نمائندے کے طور پر شی جن پھنگ کا شمار صوبہ جیانگ سو کے وفد سے ہوتا ہے۔ موجودہ کانگریس کے ایجنڈے کے مطابق  انہوں نے جیانگ سو صوبے کے نمائندوں کے ساتھ حکومت کی ورک رپورٹ پر نظرثانی کی۔اپنی تقریر میں شی جن پھنگ نے حکومتی ورک رپورٹ پر اتفاق کرتے ہوئے اعلی معیار کی ترقی کا مطالبہ بھی کیا۔ اعلی معیار کی ترقی شی جن پھنگ کے معاشی نظریات کا ایک اہم حصہ ہے  جس کا مقصد چین کی معیشت کے معیار اور اپ گریڈیشن کو فروغ دینا ہے۔
اعلیٰ معیار کی ترقی کے حصول میں  اولین ترجیح، اعلیٰ سطح کی سائنسی اور تکنیکی خود انحصاری کی تکمیل میں تیزی لانا ہے۔ بقول شی جن پھنگ "اعلی کوالٹی کی ترقی کو فروغ دینے کا یہی واحد راستہ ہے" اور "یہ اس بات کی کلید بھی ہے کہ آیا چین منصوبے کے مطابق جامع طور پر ایک جدید سوشلسٹ طاقتور ملک  تشکیل دے سکتا ہے یا نہیں۔ تو  سوال یہ ہے کہ چین اعلی کوالٹی کی ترقی کیسے حاصل کر سکتا ہے؟ 
شی جن پھنگ کا کہنا ہے کہ چین کو تخلیقات پر مبنی ترقیاتی حکمت عملی پر عمل درآمد کو تیز کرتے ہوئے سر فہرست  سائنس دانوں کی قیادت میں تخلیقاتی اور جدید  سائنسی ریسرچ میں آگے بڑھنا  چاہیے اور  سائنسی ثمرات کے صعنتوں  میں استعمال کے معیار کو بہتر بنانا چاہیے تاکہ  عالمی اثر و رسوخ کے حامل سائنسی تخلیقات کا مرکز قائم کیا جائے ۔جدید صنعتی نظام کی تعمیر تیز کرتے ہوئے معاشی ترقی کے سلسلے میں حقیقی معیشت پر زور دینا ہوگا۔اعلی معیار کے سوشلسٹ مارکیٹ اقتصادی نظام کی تعمیر کرتے ہوئے  اعلی معیار کے کھلے پن کو فروغ دیا جانا چاہیئے۔اعلی معیار کی ترقی کے حصول میں چین کے لئے زرعی جدیدکاری بھی ایک ناگزیر ضرورت ہے۔ 
چین کی اعلی معیار کی ترقی کا حتمی مقصد کیا ہے؟ 
شی جن پھنگ کے خیال میں اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینے کا حتمی مقصد عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود ہے۔ "سب سے پہلے عوام "شی جن پھنگ کا  حکمرانی کا بنیادی  فلسفہ ہے۔  2012 میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کا جنرل سیکریٹری منتخب ہونے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ 'بہتر زندگی کے لئے عوام کی خواہش ہماری جدو جہد کا ہدف ہے۔ یہ شی جن پھنگ کی غیر متزلزل جستجو ہی ہے جو اعلی معیار کی ترقی کے ہدف  کے حصول میں چینی قوم کے سفر کو آگے بڑھا رہی ہے۔