سال 2023 کے لیے چینی حکومت کی ورک رپورٹ میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ چین مستحکم ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا،اقتصادی ترقی کو مجموعی انداز میں بہتر کیا جائے گا، کوالٹی کی مزید بہتری اور تعداد کے معقول اضافے کا حصول ممکن بنایا جائے گا۔ پانچ مارچ کو چینی صدر شی جن پھنگ نے صوبہ جیانگ سو کے وفد کے اجلاس میں شرکت کے دوران اعلی معیار کی ترقی پر زور دیا۔"مستحکم ترقی" اور "اعلی معیار کی ترقی " کایہی مقصد ہے کہ چینی عوام کی مستحکم خوشحالی کا تحفظ کیا جائے، اور دنیا میں بڑی تبدیلیوں کے پیشِ نظر ایک مستحکم قوت فراہم کی جائے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی انیسویں قومی کانگریس کی رپورٹ میں نشاندہی کی گئی تھی کہ نئے عہد میں بہتر زندگی کے لیے عوام کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور غیرمتوازن اور نامکمل ترقی کے مابین تضادات پیدا ہو چکے ہیں۔ نئے دور میں لوگوں کی بہتر زندگی کے لیے معاشی، سیاسی، ثقافتی، سماجی اور ماحولیاتی شعبوں کے حوالے سے نئے مطالبات پیش کیے جاتے ہیں، جن میں بہترین مادی سہولیات، خوبصورت ماحول، مکمل سیاسی حقوق،رنگا رنگ ثقافتی سرگرمیاں، سازگار سماجی ماحول اور دیگر جہتیں شامل ہیں. مستحکم ترقی کے یہ تمام پہلو رواں سال کی ورک رپورٹ میں دیکھے جا سکتے ہیں۔معیشت کے حوالے سے چین نے رواں سال کی اقتصادی متوقع شرح نمو کو 5 فیصد کے لگ بھگ مقرر کیا ،شہروں اور قصبوں میں نئے روزگار کی تعداد کو 12 ملین تک پہنچانے اور سی پی آئی کی شرح اضافہ کو 3 فیصد کے قریب برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ سیاسی شعبے میں ہمہ گیرعوامی طرز جمہوریت لوگوں کے سیاسی حقوق کی ضمانت ہے۔بہتر حیاتیاتی ماحول کے لیے جی ڈی پی کے فی یونٹ توانائی کی کھپت اور آلودگیوں کے اخراج میں کمی کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں ۔یہ ترقیاتی اہداف جو لوگوں کے ذریعہ معاش اور فلاح و بہبود سے قریبی تعلق رکھتے ہیں ، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے طرزِ حکمرانی کی عکاسی کرتے ہیں یعنی "بہتر زندگی کے لئے لوگوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مسلسل پورا کیا جائے"۔
مستحکم ترقی، مستحکم روزگار اور مستحکم قیمتیں بھی گزشتہ سال کے آخر میں منعقدہ چین کی سینٹرل اکنامک ورک کانفرنس میں پیش کیے جانے والے اہم اہداف ہیں ۔ استحکام کی بنیاد پر سماجی اور معاشی ترقی کو مسلسل اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بہتر زندگی کے لئے لوگوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جاسکے۔ 2017 میں ، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 19 ویں قومی کانگریس نے پہلی بار "اعلی معیار کی ترقی" کا نقطہ نظر پیش کیا ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین کی معیشت تیز رفتار ترقی کے مرحلے سے اعلی معیار کی ترقی کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ اعلیٰ معیار کی ترقی کے بارے میں شی جن پھنگ نے ایک بار وضاحت کی تھی کہ یہ صرف معیشت کے بجائے تمام سماجی پہلوؤں کی ترقی ہے،صرف ترقی یافتہ خطوں کے بجائے تمام علاقوں کی ترقی ہے اور صرف ایک قلیل وقت کے بجائے طویل مدتی ترقی ہے. یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ اعلی معیار کی ترقی کا حتمی مقصد مختلف شعبوں میں بہتر زندگی کے لئے لوگوں کی ضروریات کو احسن انداز میں پورا کرنا ہے تاکہ ملک کے تمام خطوں کے لوگ ترقی کے ثمرات میں شریک ہوں اور یہ بہتر زندگی طویل مدتی، پائیدار اور مستحکم بنیادوں پر قائم رہے۔
چین کی "مستحکم ترقی "پر متعدد غیرملکی ذرائع ابلاغ نے بھی توجہ دی ہے۔جاپان کے رسالے نکئی ایشیا نے یوں تبصرہ کیا ہے کہ چین ترقی کی کوالٹی کو بہتر بناتے ہوئے استحکام پر بھی زور دیتا ہے اور حکومت کی ورک رپورٹ میں "استحکام" کا 33 مرتبہ ذکر کیا گیا ہے، جس سے اقتصادی ترقی کو مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔مالیاتی ماہرین کے خیال میں چین کی متوقع اقصادی شرح نمو سے ظاہر ہوتاہے کہ چین بہتر معیار کی ترقی کو فروغ دے رہا ہے۔ چین کی آئندہ اقتصادی ترقی میں اختراعات،ہم آہنگی،ماحول دوستی،کھلے پن اور اشتراک کو ایک کلیدی اہمیت حاصل ہو گی۔