دو امریکی بینکوں کی بندش : معاشی گراوٹ کا سلسلہ جاری

2023/03/14 09:58:35
شیئر:

10 مارچ کو امریکہ کا سلیکون ویلی بینک بند ہو گیا اور 2008 کے مالیاتی بحران کے بعد امریکہ میں بند ہونے والا سب سے بڑا بینک بن گیا۔ 12 تاریخ کو ، "نظامی خطرے" کی وجہ سے ، نیویارک میں واقع 'یوایس سگنیچر  بینک 'نے بھی اپنی بندش کا اعلان کیا۔
ان منفی اطلاعات کی وجہ سے 13 تاریخ کو امریکی سٹاک مارکیٹ میں کھلتے ہی مندی کا رجحان دیکھا گیا، امریکی بینک سٹاک سست روی کا شکار رہے اور تین بڑے امریکی انڈیکس میں تیزی سے گراوٹ دیکھی گئی۔اس کے علاوہ، دو سالہ امریکی ٹریژری بانڈز پر منافع میں محض ایک روز میں انتہائی کمی واقع ہوئی، جو 1987 کے امریکی اسٹاک مارکیٹ کے کریش کے بعد سے ایک دن کی سب سے بڑی گراوٹ ہے۔
دو امریکی بینکوں کی  بندش نے یورپی سٹاک مارکیٹوں میں بھی ہلچل مچا دی۔ 13 تاریخ کو یورپی سٹاک مارکیٹ کے اہم سٹاک انڈیکس 2 فیصد سے زائد کی کمی کے ساتھ بند ہوئے۔ اسی طرح یورپی بینکنگ حصص کو بھی شدید دھچکا لگا۔
امریکی وزیر خزانہ جینٹ یلین نے 12 تاریخ کو اعتراف کیا کہ سلیکون ویلی بینک کی بندش کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ فیڈرل ریزرو نے شرح سود میں مسلسل اضافہ جاری رکھا، جس کے نتیجے میں بینک کے پاس موجود بانڈز جیسے مالیاتی اثاثوں کی مارکیٹ قیمت میں مسلسل کمی واقع ہوئی۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ، امریکی فیڈرل ریزرو نے مسلسل آٹھ بار شرح سود میں اضافہ کیا ہے۔