صدر شی جن پھنگ کا دورہِ روس، دوستی، تعاون اور امن کا سفر ہوگا،وزارت خارجہ

2023/03/17 16:37:39
شیئر:

17 مارچ کو وزارت خارجہ کی پریس کانفرنس میں صدر شی جن پھنگ کے اگلے ہفتے کیے جانے والے دورہ روس کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان وانگ وین بن نے کہا کہ حالیہ برسوں میں صدر شی جن پھنگ نے صدر پیوٹن کے ساتھ قریبی تبادلے کو برقرار رکھا ہے، نئے دور میں چین اور روس کے درمیان روابط کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی پائیدار،مثبت اورمستحکم ترقی کی قیادت کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے،  بڑے ممالک کے مابین کامیابی کے ساتھ باہمی تزویراتی اعتماد اور ہمسائیگی پر مبنی دوستی اور تعاون کی راہ تعمیر کی ہے اور بین الاقوامی تعلقات کے لیے ایک نیا نمونہ تشکیل دیا ہے۔ صدر شی جن پھنگ کے روس کے سرکاری دورے کے دوران صدر پیوٹن کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے اہم بین الاقوامی اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک کوآرڈینیشن اور عملی تعاون کو فروغ دیا جائے گا اور دوطرفہ تعلقات کی ترقی کو نئی رفتار فراہم کی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان اور اہم طاقتوں کی حیثیت سے،چین اور روس کے تعلقات کی اہمیت اور اثر و رسوخ دو طرفہ دائرہ کار سے کہیں زیادہ ہے۔ صدر شی جن پھنگ کا آئندہ دورہ روس دوستی کا دورہ ہوگا جس سے چین اور روس کے درمیان باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم کو مزید گہرا کیا جائے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان نسل در نسل دوستی کی سیاسی بنیاد اور رائے عامہ کی بنیاد کو مستحکم کیا جائے گا۔ یہ  تعاون کا دورہ ہوگا جس میں مختلف شعبوں میں سود مند باہمی  تعاون کو فروغ دیا جائے گا، "دی بیلٹ اینڈ روڈ" کی تعمیر کو مضبوط  کیا جائے گا اور دونوں ممالک کو اپنے احیا اور متعلقہ ترقیاتی اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔ یہ امن کا دورہ ہوگا اور دونوں فریق عدم وابستگی، عدم محاذ آرائی اور  کسی تیسرے فریق کو نشانہ نہ بنانے کے اصولوں کی بنیاد پر حقیقی کثیر الجہتی پر عمل کریں گے، بین الاقوامی تعلقات کی جمہوریت کو فروغ دیں گے، کثیر قطبی عالمی پیٹرن کی تعمیر کریں گے، عالمی گورننس کو بہتر بنائیں گے اور عالمی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ چین یوکرین کے بحران پر اپنے حقائق پر مبنی  اور منصفانہ موقف کو برقرار رکھتے ہوئے امن قائم کرنے اور بات چیت کو فروغ دینے میں تعمیری کردار ادا کرے گا۔