چائنا میڈیا گروپ کی پرائم ٹائم نشریات میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے خصوصی انٹرویو کو چین میں انتہائی مقبولیت ملی

2023/03/18 21:09:36
شیئر:


صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے حال ہی میں چائنا میڈیا گروپ کو خصوصی انٹرویو دیا ،جسے سی ایم جی کے مختلف پلیٹ فارمز  پر انتہائی مقبولیت حاصل ہوئی ہے ۔ چائنا میڈیا گروپ کے مختلف چینلز نے صدر پاکستان کے انٹرویو کو اپنے پرائم ٹائم میں نشر کیا اور ایسے مقبول ترین ٹی وی پروگرامز  کا انتخاب کیا گیا جنہیں چینی ناظرین میں انتہائی پسندیدگی کا درجہ حاصل ہے۔ ٹی وی چینلز کے ساتھ ساتھ چائنا میڈیا گروپ کے متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی صدر پاکستان کے انٹرویو کو  نمایاں کوریج دی گئی ہے اور چینی انٹرنیٹ صارفین نے انتہائی پرجوش ردعمل ظاہر کیا ہے۔

انٹرنیٹ صارفین نے اپنے  تبصروں میں  کہا کہ پاکستان کے صدر کی دور اندیشی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے  صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی باتوں کو بھی خوب سراہا ۔

کچھ  صارفین نے اپنے تبصروں میں اس یقین کا اظہار کیا  کہ  چین اور پاکستان شانہ بہ شانہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے اور خوشحالی حاصل کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان چین کا آہنی بھائی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی  موجود ہے۔ یہ دوستی سمندر سے گہری اور پہاڑوں سے اونچی ہے۔   چینی عوام نے اس عزم کا اظہار  بھی کیا  کہ چین پاک دوستی نسل در نسل جاری رہے گی۔ چین پاک دوستی زندہ باد۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا خصوصی انٹرویو  اردو  زبان میں کیا گیا۔ چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس تسلسل کے ساتھ اردو زبان کے ذریعے چین اور پاکستان کےتعلقات کو آگے بڑھانے میں ایک  پل کا کردار ادا کر رہی ہے اور چین پاک دوستی کے فروغ کے لیے بھرپور  کوشش کر رہی ہے۔ اس  خصوصی انٹرویو کو  66  زبانوں میں ترجمہ کیا جا رہا ہے اور یہ دنیا بھر میں نشر ہو گا۔