چین نظام سے متعلق کھلے پن کو مستحکم طور پر توسیع دے گا، چائنا بنکنگ اینڈ انشورنس ریگولیٹری کمیشن کے وائس چیئرمین

2023/03/19 16:55:01
شیئر:


گلوبل ویلتھ مینجمنٹ فورم 2023 کی سالانہ کانفرنس اٹھارہ تاریخ کو شروع ہوئی،جس میں چائنا بنکنگ اینڈ انشورنس ریگولیٹری کمیشن کے وائس چیئرمین چھاؤ یو نے کہا کہ چین کی بنکاری اور انشورنس انڈسٹری موجودہ بنیادوں پر قواعد و ضوابط، مینجمنٹ اور معیارات سمیت نظام سےمتعلق کھلے پن کو مستحکم طور پر توسیع دے گی۔
چھاؤ یو نے کہا کہ مالیاتی شعبے کا کھلا پن نہ صرف چین کی معیشت کی اعلی معیار کی ترقی کی ضرورت ہے ، بلکہ خود چین کی مالیاتی صنعت کی ترقی کے لئے بھی اہم ہے۔ فی الحال ، چین نے بنیادی طور پر چینی اور غیر ملکی بنکوں اور انشورنس اداروں کے کاروباری دائرہ کار کو مساوی بنایا ہے، اور مستقبل میں بنکاری اور انشورنس کی صنعت کے نظام سے متعلق کھلے پن کو مسلسل وسعت دی جائے گی۔ چھاؤ یو نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی برابری کی بنیاد پر، ہم غیر ملکی سرمایے سے چلنے والے مالیاتی اداروں کے مطالبات کا جواب دینے، مسابقتی مارکیٹ کا منصفانہ ماحول پیدا کرنے، قانون کے مطابق مالیاتی اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کرنے، چین میں غیر ملکی سرمایے سے چلنے والے اداروں کی ترقی کی قوت کو متحرک کرنے اور چینی اور غیر ملکی بنکاری اور انشورنس اداروں کی مشترکہ ترقی کو فروغ دینے کے لیے پہل کریں گے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2022 کے اختتام تک غیر ملکی بنکوں  نے چین میں مجموعی طور پر 41 غیر ملکی فنڈڈ کارپوریٹ بنک، 116 غیر ملکی بنک برانچیں اور 135 نمائندہ دفاتر قائم کیے تھے جن میں مجموعی طور پر 911 آپریٹنگ ادارے شامل تھے۔ غیر ملکی بنکوں کے کل اثاثے 3.76 ٹریلین یوآن ہیں۔ غیر ملکی انشورنس اداروں نے چین میں مجموعی طور پر 68 غیر ملکی مالی اعانت سے چلنے والے انشورنس ادارے اور 79 نمائندہ دفاتر قائم کیے ہیں، جن کے کل اثاثے 2.26 ٹریلین یوآن ہیں۔