امریکہ کووڈ وائرس کی ٹریسنگ کو سیاسی رنگ دینا بند کرکے دنیا کے عوام کو وضاحت فراہم کرے، چینی وزارت خارجہ

2023/03/21 17:03:07
شیئر:

حال ہی میں امریکی صدر جو بائیڈن نے "کووڈ وائرس اوریجن ایکٹ" پر دستخط کیے ہیں۔ اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ون بین نے 21 مارچ کو منعقدہ  پریس کانفرنس میں کہا ہے  کہ امریکہ کے اس ایکٹ میں چین سے متعلق مواد حقائق کو توڑ مروڑ کر ، بغیر کسی ثبوت کے لیبارٹری لیک تھیوری کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے اور چین کو بدنام کرنے کی جو کوشش کی گئی ہے، چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
وانگ ون بین نے کہا کہ کووڈ وائرس کا سراغ لگانے کے معاملے پر چین کا موقف مستقل ہے، اور چین نے ہمیشہ عالمی سائنسی ٹریسنگ کی حمایت کی ہے اور اس میں حصہ لیا ہے،۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکہ نے وائرس ٹریسنگ کے معاملے پر کوئی ذمہ دارانہ اقدامات نہیں اٹھائے ہیں، کبھی بھی وائرس ٹریسنگ کے لئے  ڈبلیو ایچ او کے ماہرین کی ٹیم کو دعوت نہیں دی اور نہ ہی کبھی کوئی ابتدائی ڈیٹا فراہم کیا ہے۔ ہم ایک بار پھر  امریکہ  پر زور دیتے ہیں کہ وہ وائرس ٹریسنگ کے معاملے پر سیاسی کھیل بند کرے، بین الاقوامی برادری کے جائز خدشات کا جلد از جلد جواب دے، اپنے ابتدائی مشتبہ کیسز کے اعداد و شمار ڈبلیو ایچ او کے ساتھ شیئر  کرے، اور فورٹ ڈیٹرک حیاتیاتی لیبارٹری، یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا کی حیاتیاتی لیبارٹری اور دنیا بھر میں قائم حیاتیاتی لیبارٹریوں کی معلومات عام کرے، تاکہ دنیا کے عوام کو وضاحت فراہم کی جا سکے۔