چھن گانگ کی امریکی فرینڈشپ گروپس اور کاروباری شخصیات سے ملاقات

2023/03/26 16:06:38
شیئر:

25 مارچ کو،چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ چھن گانگ نے بیجنگ کا دورہ کرنے والے امریکی فرینڈشپ گروپس اور کاروباری شخصیات سے ملاقات کی۔
چھن گانگ نے کہا کہ چین بیرونی دنیا کے لیے اعلیٰ سطح کے کھلے پن کو فروغ دیتا رہے گا، اور کھلے پن کا دروازہ وسیع سے وسیع تر ہوتا جا رہا ہے؛ چینی معیشت اور معاشرہ دونوں مضبوط بحالی کی شروعات کر چکے ہیں۔ لیکن یہ افسوسناک ہے کہ حالیہ چین امریکہ تعلقات ابھی تک سرد  مہری  کا شکار ہیں۔
چھن گانگ نے کہا کہ چین امریکہ تعلقات دنیا کے اہم ترین دوطرفہ تعلقات ہیں، فریقین کے اچھے تعلقات دنیا کے مفاد میں ہیں ، بصورت دیگر دنیا کو نقصان ہو گا۔فریقین کے مابین پائیدار، مستحکم اور تعمیری تعلقات کی ترقی کے لیے چین کا رویہ تبدیل نہیں ہوا ہے،چین نے ہمیشہ باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور دونوں فریقوں کے درمیان مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون کی حمایت کی ہے۔ چین۔ امریکہ مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے لئے امریکہ کو اپنی روش تبدیل کرنا ہو گی ۔امید ہے کہ امریکہ اپنی زیرو سم ذہنیت کو ترک کرے گا، چین کو کنٹرول کرنے اور دباو ڈالنے کے لیے غیر اخلاقی ذرائع کا استعمال بند کرےگا، اور چین کے ساتھ مل کر چین امریکہ تعلقات میں حائل مشکلات پر قابو پانے اور ایک صحت مند اور مستحکم راستے پر واپس لانے کے لیے آگے بڑھے گا۔
امریکی شخصیات نے کہا کہ اس دورے کے دوران انہوں نے چین کی متحرک اقتصادی اور سماجی ترقی کو بخوبی محسوس کیا اور فریقین کے تعلقات کی ترقی کے لئے چینی عوام کی توقعات کو بھی دل کی گہرائیوں سے جانا ہے۔ امریکہ اور چین کا ایک دوسرے پر  دارومدار ہے لیکن فریقین کے درمیان موجودہ تعلقات نازک دور میں ہیں۔ امریکی کاروباری برادری امریکہ اور چین کے تعلقات کی صحت مند ترقی اور دونوں ممالک کے درمیان مستحکم تعلقات کو برقرار رکھنے کی حمایت کرتی ہے، اور دونوں ممالک کو باہمی آئیسولیشن اور تنازعات کے "برائی کے چکر" میں جانے سے روکنے کے لیے پرعزم ہے۔